اسلام آباد: سٹیٹ یوتھ پارلیمنٹ آف پاکستان کی تقریبِ حلف برداری آج اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں پاکستان بھر کی طلبہ تنظیموں کے نمائندوں سمیت تنظیم کے ارکان نے شرکت کی۔ علامہ اقبال کے پوتے منیب اقبال نے ارکان سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔ سٹیٹ یوتھ پارلیمنٹ کے صدر شہیر سیالوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نظریہ پاکستان پر کبھی بھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ اس موقعے پر منیب اقبال کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال کی تعلیمات موجودہ دور کی اہم ضرورت ہیں۔ شہیر سیالوی کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کے ساتھ مل کر مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کو عالمی سطح پر اٹھائیں گے۔ پاکستان کی فلاح و ترقی کے لئے اتحاد ِ اُمت کی سخت ضرورت ہے۔یہی وجہ ہے کہ مختلف تنظیموں کے نمائندگان آک پاکستان کی خاطر اس ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہوگئے ہیں۔ تقریب میں فلسطینی سفیر ولید ابو علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہی نوجوان ہیں جو کسی بھی قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ انہوں نے سٹیٹ یوتھ پارلیمنٹ کی کابینہ کو اس موقع پر مبارکباد پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی اور پاکستانی نوجوانوں کو اتحادِ اُمت کے لئے عملی اقدامات اٹھانا ہونگے۔