کراچی: چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے کہا ہے کہ ضلع کورنگی میں تعمیر و ترقی اور عوام کو بلدیاتی مسائل سے نجات دلا نے کے ساتھ ساتھ صحت مند تفریحی سرگرمیوں کی فراہمی کے لئے بھی کوشاں ہیں ،کھیلوں کے میدانوں کو آباداور ضلع کورنگی میں میعاری اسپورٹس گرائونڈ قائم کیا جائیگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ پارکس بلدیہ کورنگی کے افسران کے ہمراہ انصار یونین فٹ بال اسٹیڈیم لانڈھی زون کا تفصیلی دورہ کرکے سہولت کی فراہمی کا معائنہ کرتے ہوئے کیا چیئر مین سید نیئر رضا نے کہاکہ بلدیہ کورنگی ضلع میں علاقائی ترقی اور عوام کو بلدیاتی سہولیات اُن کی دہلیز تک پہنچانے کے لئے عملی اقدامات کے ساتھ کھیلوں کے میدانوں ،فیملی پارکوں اور گرین بیلٹوں کی تعمیر و ترقی اور تزئین و آرائش کے حوالے سے اقدامات کررہی ہے اسٹیڈیم کے دورے پر موقع پر موجود محکمہ پارکس کے افسران کو چیئر مین نیئر رضا نے ہدایت کی کہ فیملی پارکوں او رکھیل کے میدانوں میں صفائی وستھرائی کے ساتھ سرسبز بنا یا جائے اور تمام تر سہولت کی فراہمی کو یقینی بنا نے کے لئے اقدامات کئے جائیںچیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کھیلوں کے میدانوں کو کھیلوں کی تنظیموں ،کلبوں اور علاقہ نوجوانوں کے تعاون اور مشاورت کے ساتھ آباد کیا جائیگا۔
ضلع کورنگی میں کھیلوں کے ہر شعبے کو فروغ اور صحت مند سرگرمیوں کو پروان چڑھا یا جائیگا نیئر رضا نے کہاکہ کھیلوں کے میدانوں اور پارکوں میں تجاوزات اور تعمیرات قطعی برداشت نہیں کیا جائیگا ایسے تمام تعمیرات اور تجاوزات کا خاتمہ کرنے کے احکامات دیتے ہوئے قابضین سے کہاکہ وہ کھیلوں کے میدانوں اور سرکاری اراضی پر اپنا قبضہ از خود ختم کردیں ورنہ تجاوزات اور تعمیرات کے خاتمے کے ساتھ قابضین کے خلاف قانونی کاروائی بھی عمل میں لائی جائیگی ،انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ پارکوں اور پلے گرائونڈ پر تقریبات اور بچت بازاروں پر عائد پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔