کراچی: چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے کہا ہے کہ ضلع وسطی کو صاف و شفاف بنانے کا عزم کیا ہوا ہے وسائل کی کمی کو عوام کی خدمت کے کام میں آڑے نہیں آنے دیں گے وہ ضلع وسطی نیو کراچی زون کے مختلف علاقوں میں جاری صفائی مہم کے معائنہ کے موقع پرعوام سے گفتگو کررہے تھے۔
اس موقع پر وائس چیئرمین سید شاکر علی ،میونسپل کمشنر محمد وسیم سومرو، ڈائریکٹر سینی ٹیشن ندیم حیدر، غوث محی الدین،انفارمیشن آفیسر عالمگیر سیفی و دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے اس موقع چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے کہا کہ بلدیاتی مسائل حل طلب ہیں جنھیں حل کرنے میں وسائل و فنڈز کی کمی سے دشواری پیش آرہی ہے بلدیاتی مسائل حل کرنے کے لئے بلدیاتی اداروں کو انکی ضرورت کے مطابق فنڈ جاری کئے جائیں حکومتِ سندھ کی جانب سے مالی معاونت بلدیاتی خدمات میں بہتری لانے میں اہم کردار اداکرے گی۔ جبکہ عوام کا تعاون شہر کی صفائی ستھرائی کو بہتر کرنے میں مددگار ہوگا۔ انہوں نے مزید کہاکہ بلدیاتی خدمات کے علاوہ بھی دیگر عوامی خدمات کے ادارے مناسب مالی، افرادی اور تکنیکی وسائل کے بغیر بہتر خدمات انجام نہیں دے سکتے
۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع وسطی میں کئی سو ٹن کچرا پیدا ہوتا ہے جبکہ بلدیہ وسطی پیدا شدہ کچرا مکمل اٹھانے کی صلاحیت نہیں رکھتے ہیں اس طرح کئی سو ٹن یومیہ کچر ے کا بیک لاگ شہری انتظامیہ اور شہریوں کے لئے مسائل کا باعث بن رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کہ اگر وسائل مہیا کئے گئے تو جلد ہی ضلع وسطی کو کراچی کے شفاف ترین اضلاع کی صف میں لاکھڑا کرئینگے انہوں نے حکومت سندھ سے اپیل کی کہ وہ بلدیہ وسطی کو اس کی ضرورت کے مطابق مشینری اور فنڈز مہیاکریں تاکہ عوام کو بہتر بلدیاتی سہولیات مہیاکی جاسکیں۔ اس موقع پر وائس چئیرمین سید شاکر علی نے کہا کہ وسائل کی کمی کے باوجود بلدیہ وسطی کے افسران و کارکنان شب و روز محنت و جانفشانی سے کام کررہے ہیں تاہم وسائل کی کمی سے جو مسائل پیدا ہورہے ہیں وہ وزیرِ اعلی اور وزیر ِ بلدیات کی جانب سے خصوصی توجہ کا تقاضہ کرتے ہیں۔انہوں بلدیہ وسطی کی جانب سے عوام کی خدمات میں کوئی کسر نہ اُٹھارکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔