مہمند ایجنسی (شاہ محمود خان مہمند) تحصیل صافی میں واقع خانقاہ میں کل رات دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے دو لیویز اہلکاران ذاکر ولد محمد صافی اور مسعود شاہ ولد مبارک شاہ کی نماز جنازہ لیویز کیمپ غلنئی ہیڈ کوارٹر میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی جس میں پولیٹیکل ایجنٹ مہمند ایجنسی محمود اسلم، تینوں سب ڈویژن کے اے پی ایز پیر عبداللہ شاہ، نوید اکبر خان اور حسیب الرحمان خلیل کے علاوہ تحصیلدار صافی، سرکاری اہلکاران، ایف سی کے نمائندوں اور علاقے کے معززین اور مشران نے شرکت کی۔
نماز جنازہ کے بعد لیویز کے دستے نے سلامی پیش کی اور شہداء کی درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔ نماز جنازہ کے بعد میتیں ورثاء کے حوالے کی گئی۔اس موقع پر پولیٹیکل ایجنٹ مہمند ایجنسی محمود اسلم نے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا انہوں نے شہداء کے ورثاء سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی اور ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
پولیٹیکل ایجنٹ مہمند ایجنسی نے شہداء کے لیے سرکاری شہداء پیکج کے علاوہ ان شہید اہلکاران کے لیے پولیٹیکل انتظامیہ کی طرف سے ایک ایک لاکھ روپے نقد برائے تدفین بمعہ راشن وغیرہ دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان شہدا کے اہل و عیال کے لیے ان کی ضروریات زندگی کے تمام اخراجات پولیٹیکل انتظامیہ برداشت کریگی۔ جن میں بچوں کی تعلیم، صحت و رہائش وغیرہ بھی شامل ہیں۔انہوں نے شہداء کے گھرانوں کے لیے ایک ایک خاصدار نوکری دینے کا بھی اعلان کیا۔