لاہور: اسلامی جمعیت طلبہ لاہور کے زیر اہتمام دوسری سالانہ دو روزہ ” سٹوڈنٹس ایجوکیشنل ایکسپو کا آغاز ایکسپو سینٹر میں ہوگیا۔ پہلے دن کا افتتاح ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان سید صہیب الدین کاکا خیل نے کیا۔ افتتاح کے بعد طلبہ وطالبات کی جانب سے رنگا رنگ اصلاحی اور تاریخی خاکے پیش کئے گئے۔
بعد ازاں لاہور کے کالجز اور یونیورسٹیز میں نمایاں تعلیمی کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات کے لئے ٹیلنٹ گالہ منعقد کیا گیا جس میں پندرہ ہزار طلبہ وطالبات کو انعامات تقسیم کئے گئے۔ایکسپو کے پہلے دن ساٹھ ہزار طلبہ وطالبات اور فیملیز نے دورہ کیا۔لیاقت بلوچ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان، صہیب الدین کاکا خیل ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان، حسن صہیب مراد اور ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی نے طلبہ وطالبات میں انعامات تقسیم کئے۔ایکسپو میں ٹیلنٹ گالا،مقابلہ جات، ہیروز سیشن،سکولز سیشن،نیلام گھر،نجی ٹی وی چینل کے ٹاک شوز، ورکشاپس،انٹرنیشنل سیشن، جامعات اور کالجز کے سٹالز، یوتھ برانڈز، ٹور اینڈ ٹریول ایجنسیز کے اسٹالز، گیمنگ زون،کنسلٹنسی سٹالز،بک فیئر اور فوڈ سٹالز شامل ہیں۔اس کے علاوہ مختلف مقابلہ جات، ہیروز سیشن،سکولز سیشن،نیلام گھر،نجی ٹی وی چینلز کے خصوصی ٹاک شوز، ورکشاپس،انٹرنیشنل سیشن، جامعات اور کالجز کے سٹالز، یوتھ برانڈز، ٹور اینڈ ٹریول ایجنسیز کے اسٹالز، گیمنگ زون،کنسلٹنسی سٹالز،بک فیئر اور کھانے کے سٹالز لگائے گئے ہیں۔
تین ہزارسے زائد طلبہ و طالبات نے ایکسپو میں رضا کارکے طور پر اپنی رجسٹریشن کرائی ہے۔جبکہ تمام نجی اور سرکاری یونیورسٹیز اور کالجز کے یوتھ ایمبیسڑز بھی اس پروگرام میںاپنے تعلیمی ادارے کے طلبہ و طالبات کی نمائندگی کریں گے۔اس موقع پر ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ سید صہیب الدین کاکا خیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مثبت سرگرمیوں کا انعقاد ملک میں حقیقی ٹیلنٹ کو سامنے لا کر قومی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرنے کا سبب بنے گا۔جمعیت ہمیشہ طلبہ و طالبات کے لئے مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کے انعقاد کو مقدم رکھتی ہے۔اس ایکسپو کے انعقادکا مقصد ذہین طلبہ کو سامنے لا کر ان کی حوصلہ افزائی کرنااور ان کے درمیان مختلف مقابلہ جات کروا کر ان کی ذہنی نشو و نما کروانا ہے۔
ملک میں طلبہ و طالبات کو اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا موقع نہیں ملتا جس کی وجہ سے وہ مایوسی کا شکار ہیں۔ حکومتوں کی ناکام پالیسوں کی وجہ سے تعلیم کو ترجیح نہ مل سکی، کرپشن ، اقربا پروی اورسفارشی کلچر نے یہاں تعلیم کو اپنی جڑیں پیوست کرنے کا موقع نہیں دیا۔جس کی وجہ سے ملک سیاست، معیشت، تجارت، صحافت ، معاشرت غرض تمام شعبہ ہائے زندگی میں بانجھ پن کا شکار ہے۔
قوم کے نوجوان، بچے اور بوڑھے مایوسی کا شکار ہیں۔ سیاست دان اور پالیسی ساز ادارے سب اچھا ہے کا راگ الاپنے میں مصروف مگن ہیں۔اسلامی جمعیت طلبہ اپنے قیام سے لے کر اب تک نظام تعلیم میں اصلاحات کے لئے جد وجہد کرتی آرہی ہے۔انہوں نے منتظمین کو بہترین پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ آج ایکسپو کے دوسرے روز وزیر مملکت برائے تعلیم انجینئر بلیغ الرحمان ایکسپو کے شرکاء سے خطاب کریں گے۔