کراچی: معروف مذہبی اسکالر وجامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے بھارتی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت اور جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو اسی کی زبان میں جواب دینے کی ضرورت ہے ،بھارت خطے کے امن کا سب سے بڑا دشمن ہے، پاکستان دشمن قوتوں کی شہ پر بھارت کنٹرول لائن کے معاہدوں کی کھلی خلاف ورزی اور دراندازی میں مصروف ہے ، فوجی چوکیوں آبادیوں اور ایمبولنس بس کو نشانہ بنانا کھلی دہشتگردی ہے، جارحیت میں شہید ہونے والے فوجی جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
جمعرات کو جامعہ بنوریہ عالمیہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے کہاکہ گزشتہ کئی ماہ سے وقفہ وقفہ سے بھارتی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے اور کشمیریوں پر ظلم ستم کے پہاڑ ڈھائے جارہے ہیں اس کے باوجود عالمی برادری یا اقوام متحدہ کی جانب سے کوئی بھی اقدام سامنے نہیں آیا جس سے واضح ہوتاہے کہ خطے میں بالادستی کا خواب دیکھا کر دشمن قوتیں بھارت کو استعمال کررہی ہیں کیونکہ بھارتی جنگی جنون کا جواب دینے کی صلاحیت رکھنے والا خطے میں پاکستان واحد ملک ہے۔
عالمی برادری پاکستان کیساتھ مخلص نہیں ہے جو دراندازی بھارت کی جانب سے کی جارہی ہے اگر یہی جارحیت پاکستان کرتاتوعالمی امن کے ٹھکیداروں کے ایوانوں میں کھلبلی مچ چکی ہوتی اور پھر وہ خطے کے امن کا راگ الاپتے نہیں تھکتے ،انہوں نے کہاکہ بھارت جارحیت میں تنہا نہیں بلکہ اس کے ساتھ پاکستان دشمن قوتیں بھی ملوث ہیں جو کسی صورت پاکستان کو مستحکم دیکھنا نہیں چاہتی یہی وجہ ہے کہ پاک چین راہداری معاہدے جب سے شروع ہوئے ہیں بھارت کی جانب سے دراندازی اور کشمیر میں ظلم وستم کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے ،انہوں نے کہاکہ عالمی برادری جارحیت کا نوٹس لے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ سے بے گناہ شہری، مکانات اور مال مویشی خطرات کی زد میں ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کی جانب سے امن پسندی کی پالیسی کو بھارت کمزوری سمجھنے کی غلطی کررہاہے، جارحانہ اقدامات سے خطے کے امن کو برباد کرنا مودی سرکار کا خواب ہے اگر بھارت اشتعال انگیزی سے باز نہیں آتا تو پاکستان بھی اپنی دفاع میں حق بجانب ہے ، انہوں نے کہاکہ اگر بھارت نے جنگ چھیڑی تو مدارس کے32 لاکھ علما طلبہ پاک فوج کے شانہ بشانہ وطن کے دفاع کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں ،انہوں نے مزید کہاکہ ملک کی راہ میں اپنی جانوں کا نذارنہ دینے والے افواج پا کستان کے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور پوری قوم وطن عزیز کی سلامتی اور دفاع کے لئے افواج پا کستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔