لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی سابق رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر زمرد یاسمین رانا نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے سکل ڈویلپمنٹ کے ذریعے ہزاروں نوجوانوں کو بااختیار بنا کر باعزت روزگار فراہم کیا ہے اور اس پروگرام کا دائرہ کار پورے پنجاب تک پھیلایا جا رہا ہے۔
اسی طرح پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کا حجم 20ارب روپے تک پہنچ چکا ہے اوریہ جنوبی ایشیاء کا اپنی نوعیت کا ایک بڑا اورمنفرد تعلیمی فنڈہے جس کے ذریعے کم وسیلہ طبقات کے بچوں اوربچیوں کو اعلی تعلیم کیلئے وظائف دیئے جاتے ہیں تاکہ وہ اپنا تعلیمی سفر جاری رکھ سکیں اورآج ڈیڑھ لاکھ سے زائدطلبا و طالبات بیرون ملک اور پاکستان کے اعلی اداروں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اینٹوں کے بھٹوں سے چائلڈ لیبر کا خاتمہ کردیا ہے اوران بھٹوں پر محنت مزدوری کرنے والے بچوں کو سکول داخلہ کرایا گیا ہے اوران کے تمام اخراجات پنجاب حکومت برداشت کررہی ہے ۔70ہزار سے زائد بچوں کو چائلڈ لیبر سے نکال کر تعلیم کیلئے سکولوں میں لایاگیا ہے ۔پنجاب کے سکولوں میں اربوں روپے کی لاگت سے بنائی جانے والی آئی ٹی لیبز سے طلباو طالبات جدید علوم سے آراستہ ہو رہے ہیں۔اسی طرح پنجاب کے کم ترقی یافتہ اضلاع میں انتہائی غریب طلبا و طالبات کیلئے دانش سکولزبنائے گئے ہیں جن کامعیاریورپ کے تعلیمی اداروں کے ہم پلہ ہے۔