گوجرانوالہ (جیوڈیسک) جنرل قمر جاوید باجوہ کے آرمی چیف بننے پر گوجرانوالہ میں ان کے آبائی قصبے گکھڑ منڈی میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، شہریوں نے مٹھائی تقسیم کی اور بھنگڑے ڈالے۔
شہریوں نے جنرل قمر جاوید باجوہ کے آرمی چیف مقرر ہونے پر ایک دوسرے کو مٹھائی کھلائی تو بچوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ جنرل باجوہ دلیر، بہادر اور شفیق انسان ہیں، انہیں جنرل باجوہ کے آرمی چیف بننے پر فخر ہے۔
قصبہ گکھڑ منڈی میں جنرل قمر جاوید باجوہ کے آبائی گھر میں ان کے دادا عنایت اللہ باجوہ رہا کرتے تھے، ان کے والد کرنل اقبال اسی گھر میں پیدا ہوئے لیکن جنرل قمر جاوید باجوہ کی پیدائش کوئٹہ میں ہوئی، اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ جنرل باجوہ کا بچپن اسی علاقے میں گزرا ہے۔
پاک فوج کے نئے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سنجیدہ پروفیشنل ہیں لیکن ذاتی زندگی میں خوش مزاج اور ہنس مکھ شخصیت کے مالک ہیں۔
جنرل قمر جاوید باجوہ پیشہ وارانہ ذمے داریوں سے وقت نکال کر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے کھیلوں کے ایونٹس میں شرکت کرتے رہے ہیں، وہ 29 نومبر کو نئی ذمے داری سنبھالیں گے۔