لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ پاناما کیس کا فیصلہ سپریم کورٹ ہی کرے گی، خط لکھنے والے قطری شہزادے کو کٹہرے میں لانا ہو گا، آرمی چیف کی اپنی کوئی ذات پات نہیں ہوتی، اس کے سامنے پورا پاکستان ہوتا ہے۔
چودھری شجاعت حسین لاہور میں جہانگیر بدر کی رہائش گا ہ پر گئے اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا، بعد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری شجاعت نے کہا کہ آرمی چیف بننے کے بعد پاکستان ہی اس کی ذات پات ہوتی ہے، دعا ہے اللہ پاکستان کو سلامت رکھے۔
اس موقع پر سینئر قانون دان ایس ایم ظفر کا کہنا تھا کہ اندازہ ہے پاناما کیس پر سپریم کورٹ کمیشن قائم کرے گا، عدالت کا فیصلہ سب کو قبول ہونا چاہیے۔
لارڈ نذیر کا کہنا تھا کہ نواز شریف بھارت کی بجائے اپوزیشن پر تنقید کرتے رہتے ہیں، انہیں بھارتی فائرنگ سے شہید ہونے والے کشمیریوں کے گھروں میں جانا چاہیے تھا۔