لاہور : نئے قلمکاروں کی نمائندہ تنظیم پاکستان فیڈرل یونین آف کالمسٹ (پی ایف یو سی) کے چیئرمین شہزاد چوہدری، صدر فرخ شہباز وڑائچ، سیکرٹری انفارمیشن حافط محمد زاہد اور دیگر عہدیداروں نے نیو ٹی وی اور دن چینل کی نشریات کی بندش کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے پیمرا کا آزادی صحافت کے خلاف اقدام قرار دیا ہے۔
اس ضمن میں گزشتہ روز پی ایف یوسی کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں نیونیوز اور دن ٹی وی کی بندش کے خلاف مذمتی قرارداد پاس کی گئی اور بھرپور قلمی احتجاج کا عندیہ دیا گیا ۔ شہزاد چوہدری ، فرخ شہباز وڑائچ اور دیگر کا کہنا تھا کہ مذکورہ میڈیا ہائوسز خود کو اکیلا نہ سمجھیں ، قلم قبیلے کے تمام اراکین ان کے ساتھ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پیمرا ایسے قابل مذمت اقدامات کے ذریعے ذرائع ابلاغ کی آواز کو محدود کرنا چاہتا ہے ۔ پی ایف یو سی ایسے کسی بھی اقدام کی حمایت نہیں کرے گی جس میں حق اور سچ کا گلہ دبایا جا رہا ہو گا۔ پی ایف یو سی نے متنبہ کیا ہے کہ پیمرا عہدیدار اختیارات کا ناجائز فائدہ نہ اٹھائیں۔