ویانا (جیوڈیسک) آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں دہشت گردی کے خلاف ایک ریلی منعقد کی گئی۔
آسٹریا میں سرگرم عمل بعض سماجی اداروں نے ویانا میں واقع پارلیمانی عمارت کے سامنے اس ریلی کا اہتمام کیا جس میں ترک نژاد عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
ریلی کا آغاز ترک اور آسٹریا کے قومی ترانوں سے کیا گیا جس کے بعد میدان میں ایک 30 میٹر طویل ترک پرچم لہرایا گیا۔
ریلی کے شرکا٫ نے دہشت گردی کی مذمت کرتےہوئے ترکی کی حمایت میں نعرے لگائے اور یورپ سے مطالبہ کیا کہ وہ ترک دشمن عناصر کو اپنے ممالک میں پناہ دینے سے پرہیز کرے۔
اس موقع پر ترک ۔یورپی جمہوری انجمن کے صدر جام اسلان نے کہا کہ 15 جولائی کے واقعات کے بعد بعض آسٹریائی سیاست دانوں نے ترک مخالف نقطہ نظر اپنا رکھا ہے جس کی دیکھا دیکھی دیگر یورپی ممالک کے سیاست دانوں نے بھی یہی روش اختیار کر لی ہے جو کہ قابل افسوس ہے۔ 3 گھنٹے جاری یہ ریلی پر امن طریقے سے اپنے انجام کو پہنچی۔