پیپلز پارٹی کی این اے 258 سے کامیابی تو صرف آغاز ہے، بلاول بھٹو

 Bilawal Bhutto

Bilawal Bhutto

کراچی (جیوڈیسک) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخاب میں کراچی سے پیپلزپارٹی کے امیدوار کی کامیابی تو صرف آغاز ہے، 2018 کے عام انتخابات میں پورے ملک سے پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار کامیاب ہونگے۔

میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری اعلامیہ میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کے عوام کو حلقہ این اے 258پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں ان کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس حلقہ سے پیپلزپارٹی کے امیدوار کی کامیابی پیپلزپارٹی کے سابقہ رہنماؤں کو راستہ دکھاتی ہے کہ وہ واپس اپنی بنیادی پارٹی میں لوٹ کر آئیں اور شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے ویژن کے مطابق ایک جمہوری پاکستان کے مشن کو آگے لے چلیں۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ پارٹی کے بننے کے 50ویں سال میں داخل ہونے سے ایک دن قبل کراچی سے پیپلزپارٹی کے امیدوار حکیم بلوچ کی کامیابی پورے پاکستان کے عوام کے لیے یہ واضح پیغام ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی ہی واحد جماعت ہے جو کہ تمام پاکستانیوں کو ایک مضبوط اتحاد اور قومی بھائی چارے سے منسلک کرتی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 30نومبر سے پاکستان پیپلزپارٹی کے گولڈن سال کا آغاز ایک مضبوط اور جمہوری پاکستان کے لیے عظیم لمحہ ہے جو کہ 21ویں صدی میں دنیا کی رول ماڈل مسلم ریاست ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں ایک ہفتہ تک پارٹی کی یوم تاسیس کی تقریبات پورے ملک کے جیالوں کے لیے پیپلزپارٹی اور اس کے پروگرام سے ان کی وفاداری اور وابستگی کے عزم نو کے لیے اہم موقع فراہم کرتی ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کے کارکنان کو مبارکباد دیتے ہوئے مزید کہا کہ کراچی سے پیپلزپارٹی کے امیدوار کی کامیابی تو صرف آغاز ہے، 2018کے عام انتخابات میں پورے ملک سے پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار کامیاب ہونگے۔