کراچی : چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے جشنِ عیدِ میلادالنبی ﷺکے موقع پر بلدیہ وسطی کو شفاف ترین اور روشن ترین ضلع بنانے کے لئے سینی ٹیشن ڈپارٹمنٹ کو عمومی صفائی کے علاوہ ایم اینڈ ای ڈپارٹمنٹ کو رات کے وقت روشنی کے خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ضلع وسطی کی تمام مساجد اور امام بارگاہوں کے اطراف، جلوس کے راستوں اور میلاد کی محافل کے انعقاد کے مراکز پر صفائی کا خصوصی اہتمام کیا جائے۔
جبکہ رات کے وقت سڑکوں اور گلیوں میں روشنی کا خصوصی انتظام کیا جائے۔ چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی۔وائس چئیرمین سید شاکر علی کے مطابق بلدیہ وسطی کا عملہ نہ صرف سڑکوں شاہراہوں، گلیوں، بازاروں اور مصروف مقامات پر صفائی کررہا ہے بلکہ رات کے وقت روشنی کے انتظامات کے لئے بھی خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ بلدیہ وسطی وسائل کی کمی کے باوجود عوام کو بلدیاتی سہولیات مہیاکرنے کے لئے بہتر سے بہتر حکمتِ عملی اپنارہی ہے۔ بلدیہ وسطی کے ڈمپرز روزآنہ سینکڑوں ٹن کے حساب سے کوڑا کرکٹ شہری علاقوں سے باہر منتقل کررہے ہیں۔
جبکہ سینی ٹیشن ڈپارٹمنٹ کا عملہ عام صفائی کے ساتھ ساتھ مساجد، امام بارگاہوں، جلوسوں کی گذرگاہوں، محافلِ میلاد کے انعقاد کے مراکز اور میدانوں کی صفائی پر خصوصی توجہ دے رہا ہے تاکہ میلاد النبی ﷺ کی محفلیں خوش اسلوبی سے منعقد کی جاسکیں۔