نئے سال میں فروری سے قبل سندھ گیمز کراچی میں ہونگے۔ سردار محمد بخش مہر

Karachi Sports

Karachi Sports

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) ہم نے چار ماہ کے دوران مختلف کھیلوں کے500 سے زائد ایونٹ کا انعقاد کیا ہے اور اب مزید بہتری کے لئے نئی اسپورٹس پالیسی بنارہے ہیں جو بہت جلد منظر عام پر لے آئیں گے۔ اس بات کا اظہار صوبائی وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر نے اپنے آفس میں ہونے والی پریس کانفرنس میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ کے لئے ہم جو اقدامات کررہے ہیں اس کا منہ بولتا ثبوت سندھ کے وہ چار ہاکی کھلاڑی ہیں جو قومی ٹیم کی نمائندگی کررہے ہیں سندھ گیمز کے حوالے سے صوبائی وزیر کھیل کا کہنا تھا کہ ہماری طرف سے سندھ گیمز کی تیاریاں تقریبا مکمل ہیں اور میں یقین دلاتا ہوں کہ نئے سال میں فروری سے قبل ان گیمز کا شایان شان انعقاد کریں گے۔

سردار محمد بخش مہر نے مزید کہا کہ سندھ کے روائتی کھیلوں کے فروغ کے لئے ہماری بھرپور توجہ مرکوز ہے کیونکہ کھیلوں کے ذریعے سندھ کی ثقافت کو دنیا بھر میں متعارف کرانا ہمارا مشن ہے آئندہ ہونے والے نیشنل گیمز کے لئے ہم سندھ بھر میں تربیتی کیمپس کا انعقاد کریں گے اور کھلاڑیوں کا انتخاب خالصتا میرٹ کی بنیاد پر کریں گے۔

ان کھلاڑیوں کو ہر وہ سہولیات فراہم کریں گے جو کسی بھی بین الاقوامی ایونٹ کے لئے ضروری ہیں۔ہم جانتے ہیں کہ صلاحیتوں سے مالا مال کسی بھی کھلاڑی کی حق تلفی نہ ہو اور بلا کسی تفریق زبان’رنگ و نسل ہر با صلاحیت کھلاڑی کو ان کی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کے بھرپور مواقع فراہم کریں۔

بعد ازاں محمد بخش مہر نے رولر اسکیٹنگ چیمپیئن شپ میں انڈیا کو شکست دے کر چیمپیئن ٹرافی حاصل کرنے والی ٹیم’ لاس ویگاس امریکہ میں باڈی بلڈنگ مقابلوں کے فاتح عبدالمالک اور سپک ٹاکرہ ٹیم سے ملاقات کی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ باڈی بلڈنگ’ رولر اسکیٹنگ اور سپک ٹاکرہ کو نظر انداز کیا جارہا ہے اس لئے ہم نے ان کو نا صرف بھرپور سپورٹ دی بلکہ انہیں غیر ممالک کے ہوائی ٹکٹس بھی فراہم کئے ہماری مالی اور اخلاقی سپورٹ ہمیشہ ان کے ساتھ رہے گی۔

سلیم عارف
پی آر او
0345-2977708