واشنگٹن (جیوڈیسک) نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی جھنڈا جلانے والوں کو سخت سزا دینے کی دھمکی دے دی، رد عمل میں بائیں بازو کے کارکنوں نے درجنوں امریکی جھنڈے جلادیے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کسی کو امریکی جھنڈا جلانے کی اجازت نہیں دی جائےگی، اگر ایساہوا تو اس کے سنگین نتائج بھگتناہوں گے، امریکی جھنڈا جلانے والے کی شہریت منسوخ کردی جائے گی اور اسے ایک سال قیدکی سزا بھی بھگتناہوگی۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کے ردعمل میں بائیں بازو کے درجنوں کارکنوں نیویارک میں ٹرمپ ٹاور کے سامنے جمع ہوگئے اور درجنوں امریکی جھنڈے جلاڈالے۔
یاد رہےکہ امریکی سپریم کورٹ نے 1989ء میں احتجاجاً قومی جھنڈے کو نقصان پہنچانے پر پابندی کو امریکی آئین کی پہلی ترمیم کی خلاف ورزی قرار دیا تھا، اپنے فیصلے میں سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ پہلی ترمیم امریکی شہریوں کے اظہار رائے کے حق کو تحفظ فراہم کرتی ہے۔