اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ موجودہ حکومت کی مدت کے اختتام تک مہنگے ایندھن سے بجلی پیدا کرنے پر انحصار بڑی حد تک کم کر دیا جائے گا۔
وہ آج اسلام آباد میں توانائی کے بارے میں کابینہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔اجلاس میں بجلی کے ان تمام منصوبوں کا جائزہ لیا گیا جن سے مارچ 2018 تک قومی گرڈ میں کافی مقدار میں بجلی شامل ہو گی۔
وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ہم کامیابی سے آگے بڑھ رہے ہیں، موجودہ حکومت کی مدت کے اختتام تک بجلی کی پیداوار کیلئے مہنگے ایندھن پر انحصار کافی حد تک کم ہو جائے گا اور لوڈ شیڈنگ تاریخ کا حصہ بن جائے گی، موجودہ حکومت نے گزشتہ 20 سال کے مقابلے میں زیادہ پیداواری گنجائش کے منصوبوں پر کام شروع کیا ہے، ہم درست سمت میں جا رہے ہیں، شہری اور دیہی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ میں نمایاں کمی ہوئی ہے ، صنعتی شعبے کے لئے کوئی لوڈ شیڈنگ نہیں کی جا رہی، عوام کو سستی بجلی کی فراہمی کے لئے پرعزم ہیں، جتنے منصوبے ن لیگ کی موجودہ حکومت نے شروع کیے اتنے منصوبے گزشتہ بیس سال میں بھی شروع نہیں ہوئے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گز شتہ روز کابینہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں بجلی کے جاری منصوبوں، صاف توانائی کے منصوبوں، کوئلہ سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں، پن بجلی اور ایل این جی پاور پلانٹس سمیت مختلف منصوبوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا گیا، جن سے 2017ء کے دوران اور مارچ 2018ء سے پہلے تک قومی گرڈ میں نمایاں بجلی شامل ہو جائے گی۔ اجلاس میں ملک میں بڑھتی ہوئی اقتصادی سرگرمیوں، بڑے پیمانے پر بنیادی ڈھانچے اور صنعتی شعبے کی ترقی کے تناظر میں توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے بجلی کی پیداوار کے مستقبل کے منصوبوں پر بھی غور کیا گیا ۔ اس کے علاوہ بجلی کی تقسیم کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے نئی ٹرانسمیشن لائنوں کی تنصیب کے کام کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی جانب سے توانائی کے شعبے میں بڑے پیمانے پر اصلاحات اور مختلف طریقوں سے اضافی بجلی کی پیداوار کے ذریعے مستقبل میں ملک کی بجلی کی ضروریات پورا کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو بجلی پیدا کرنے کے منصوبے شروع کرنے میں فوقیت حاصل ہے جن کی گنجائش پچھلے بیس سال کے دوران بجلی کی پیداوار کیلئے کئے جانے والے اقدامات سے کہیں زیادہ ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ شروع دن سے حکومت کی توجہ ملک میں بجلی کا بحران حل کرنے اور قومی گرڈ میں خاطر خواہ بجلی شامل کرنے پر مرکوز رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو سستی بجلی کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوشی کا اظہار کیا کہ حکومت اپنی کوششوں میں درست سمت میں گامزن ہے اور لوڈشیڈنگ ماضی کا حصہ بن جائے گی۔