لاہور (جیوڈیسک) عبدالزراق نے اپنی گیند بازی کے جادو سے پاکستانی ٹیم کو بہت سے میچوں میں کامیابی دلوائی تاہم کھلاڑیوں کو باؤلنگ کے گر سکھانے کا ان کے پاس کوئی تجربہ نہیں ہے۔ تاہم اب وہ یہ تجربہ بھی حاصل کر لیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ایس ایل کی اہم ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز حصہ بن گئے ہیں۔ فرنچائز نے بطور اسسٹنٹ اور باؤلنگ کوچ کیلئے عبدالرزاق کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔
خیال رہے کہ سابق باؤلر عبدالرزاق کا انٹرنیشنل کیریئر 17 سال پر محیط ہے۔ انہوں نے 2013ء میں جنوبی افریقا کیخلاف ہونے والے ٹی ٹونٹی میچ میں آخری مرتبہ قومی ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔
عبدالرزاق نے 1996ء میں زمبابوے کیخلاف اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ سابق آل راؤنڈر نے 46 ٹیسٹ میچز، 265 ون ڈے میچز اور 32 ٹی ٹونٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے یہ اعلان اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر کیا گیا۔
ٹویٹ میں کہا گیا کہ ہم اس بات کا اعلان کرتے ہوئے نہایت خوشی محسوس کر رہے ہیں کہ پاکستان کے بہترین اور میچ ونر آل راؤنڈر اسسٹنٹ بالنگ کوچ کی حیثیت سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ بن گئے ہیں۔