کراچی (جیوڈیسک) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ بننے کا سلسلہ جاری ہے۔ ٹریڈنگ کے دوران انڈکیس 44 ہزار 500 پوائنٹس کی سطح بھی عبور کرنے میں کامیاب ہو گیا۔
کاروباری دن کے آغاز سے ہی پاکستان سٹاک ایکسچنج میں سرمایا کار کافی حد تک سرگرم نظر آرہے ہیں۔ عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث جہاں آئل سیکٹر کے حصص کی مالیت میں تیزی دیکھنے کو مل رہی ہے۔
وہیں پاک چین اقتصادی راہداری سے جڑے مختلف منصوبوں میں تیزی آنے سے سیمنٹ کی مقامی کھپت میں مسلسل اضافے کا رجحان جاری ہے جس کے سبب سٹاک مارکیٹ میں سیمنٹ سیکٹر میں شامل تقریباً تمام شیئرز کی مالیت میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
ٹریڈنگ کے دوران سٹاک مارکیٹ میں 300 پوائنٹس سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور ایک وقت میں 100 انڈیکس 44 ہزار 502 پوائنٹس کی سطح پر بھی دیکھا گیا۔
رواں سال کے آغاز سے پاکستان سٹاک مارکیٹ کے شیئرز کی مالیت میں مجموعی طور پر 30 فیصد بہتری دیکھی گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی جانب سے پاکستان کی معیشت اور سٹاک مارکیٹ کی بہتر پرفارمنس کو سراہا جا رہا ہے۔
دوسری جانب 15 دسمبر تک پاکستان سٹاک ایکسیچینج کے 40 فیصد حصص کی نیلامی بھی کیے جانے کا امکان ہے۔