کم شکر میں زیادہ مٹھاس والی صحت بخش چاکلیٹ تیار

Chocolate

Chocolate

سوئٹزرلینڈ میں دودھ کی مختلف مصنوعات تیار کرنے والی ایک مشہور کمپنی نے چاکلیٹ تیار کرتے دوران شکر ملانے کا ایک ایسا نیا طریقہ دریافت کرلیا ہے جس میں معمول سے 40 فیصد کم شکر کی ضرورت پڑتی ہے لیکن بننے والی چاکلیٹ ویسی ہی میٹھی ہوتی ہے جیسے اس میں شکر کی پوری مقدار ملا دی گئی ہو۔

ادارے نے اپنے دریافت کردہ اس طریقے کی تفصیلات ’’کاروباری راز‘‘ کے طور پر پوشیدہ رکھی ہوئی ہیں البتہ وہ جلد ہی اس کےلئے پیٹنٹ کی درخواست دائر کرے گا، جس کے بعد 2018 تک اس نئے طریقے پر تیار کردہ چاکلیٹ کے نئے برانڈز متعارف کروائے جائیں گے۔

امید ہے کہ اس نئے طریقے کی بدولت جہاں چاکلیٹ بنانے کی صنعت میں شکر کا استعمال کم ہوگا وہیں یہ چاکلیٹ نسبتاً مفید بھی ہوگی کیونکہ زیادہ شکر کے استعمال سے صحت کو بھی خطرات لاحق ہو جاتے ہیں۔

واضح رہے کہ چاکلیٹ بناتے دوران کڑواہٹ دور کرنے کےلئے بہت زیادہ شکر شامل کرنا پڑتی ہے۔