اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک بھر میں جشن میلاد النبی صلی الله علیہ والہ وسلم کی تیاریاں عروج پر ہیں۔ گلیاں اور گھر سجانے کا سلسلہ جاری ہے۔ آرائشی سامان کی خریداری بھی بڑھ گئی جبکہ تقریبات کی سیکورٹی کے لیے پولیس کی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
ملک کے تمام بڑے چھوٹے شہروں میں چھوٹے چھوٹے اسٹال بھی جا بجا نظر آ رہے ہیں جہاں عوام گلی، محلوں کی عمارتوں، گھروں اور مساجد کو سجانے کے لیے رنگ برنگے پرچموں، برقی قمقموں، آرائشی محرابوں، خوبصورت جھنڈیوں اور دیگر زیبائشی اشیا کی خریداری کر رہے ہیں۔ ان اسٹالوں پر بچوں اور بڑوں دونوں کا رش ہوتا ہے۔
شہر کی تمام اہم سرکاری اور نیم سرکاری عمارتیں، مارکٹیں، نجی عمارتیں اور بازار انتہائی خوبصورتی سے برقی قمقموں اور پرچموں سے سجائے گئے۔
ملک بھر میں مسجد نبوی اور خانہ کعبہ کے حسین ماڈل بھی جابجا دکھائی دے رہے ہیں جو آرٹسٹوں کی مہارت کا شاہکار ہیں۔
عید میلاد النبیؐ کے لیے ملک بھر میں کئی سو جلوس اور محفل میلاد کی تقریبات منعقد کی جائیں گی جن کی حفاظت کے لیے کئی ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
ایسے میں دہشت گردی کے واقعات سے بچاؤ کے لیے وفاقی اور صوبائی سطح پر سیکورٹی انتظامات بھی دیکھے جا رہے ہیں۔
اس کے علاوہ جلوسوں کی گزرگاہوں کی کلیئرنس بھی بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ذریعے کرائی جائے گی۔