کراچی : ملک بھر کی طرح شاہ فیصل کالونی میں بھی جشن عید میلاد النبی ۖمذہبی جوش و جذبے کے ساتھ شایان شان طریقے سے منایا گیا۔
الصبح شاہ فیصل کالونی نمبر5سے مفتی عبدالحلیم قادری ،مفتی نور الہادی نعیمی اور دیگر علماء اکرام کی قیادت میں عظیم الشان میلاد مصطفیۖ ریلی نکالی گئی جو شاہ فیصل کالونی کے مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے مرکزی عید گاہ شاہ فیصل کالونی نمبر2پر اختتام پذیر ہوگیا۔
جلوسوں کے روٹس پر بلدیہ کورنگی کی جانب سے شاندار بلدیاتی انتظامات پر علماء اکرام اور منتظمین کا چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا کو خراج تحسین ،شاہ فیصل بلدیہ کورنگی کی جانب سے جہاں جلوسوں کے راستوں اور عبادت گاہوں کے اطراف عید میلاد النبی ۖ کے موقع پر بلدیاتی انتظامات کی انجام دہی کو یقینی بنا یا گیا وہیں جلوسوں کے روٹس پر سبیل اور استقبالیہ کیمپ بھی قائم کئے گئے تھے جس پر شرکاء جلوس پر گل پاشی اور لنگر تقسیم کے ساتھ دودھ کی سبیل بھی لگائے گئے تھے۔
چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری کے ہمراہ علماء اکرام کی قیادت میں مرکزی جلوس کا شمع شاپنگ سینٹر چوک پر استقبال کیا علماء اکرام کو پھولوں کے ہار پہنائے اور شرکار جلوس پر گل پاشی کی اس موقع پر میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی امیر بخش جونیجو ،ڈائریکٹر ہیلتھ بلدیہ کورنگی رفیق شیخ ،اسسٹنٹ کمشنر شاہ فیصل فہیم الدین میمن اور دیگر بھی موجود تھے۔
چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے علماء اکرام کو عید میلاد النبی ۖ کی مبارکباد دی اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آقائے دوجہاں حضرت محمد مصطفی ۖ کی ولادت باسادات پوری اُمت مسلماں کے لئے اللہ تعالیٰ کا احسان عظیم ہے بارہ ربیع الاول عیدو ں کی عید ہے آج ہمیں اس بات کا عہد کرنا چاہیئے کہ ہم حضورۖ کی سیرت پر عمل اور اتحاد و بھائی چارگی اور فرقہ ورانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے اپنی زندگی کو وقف کردیں گے۔
چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا اور حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے علماء اکرام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے عید میلاد النبی ۖ کے موقع پر بلدیاتی انتظامات کی انجام دہی میں مکمل رہنمائی کی انہوں نے اس بات کا عزم کیا کہ علماء اکرام اور تمام مکاتب فکر کے لوگوں کے باہمی تعاون کے ساتھ آئندہ بھی عمل کرتے ہوئے اپنے شہر اور علاقے کو ترقی اور مسائل سے پاک بنا ئیں گے۔