مہمند ایجنسی (سعید بادشاہ سے) مہمند ایجنسی، غلنئی جرگہ ہال میں ولادت پیغمبر اسلامؐ کے حوالے سے سیرت النبی کانفرنس کا انعقاد۔ سرکاری حکام کے علاوہ علمائے کرام اور قبائلی مشران کی شرکت۔ نبی کریمؐ کی حیات طیبہ کو خراج تحسین، نعت خوانی اور تقریری مقابلوں میں پوزیشن ہولڈر دینی طلباء میں انعامات تقسیم۔ تفصیلات کے مطابق مہمند ایجنسی میں پیر کے روز ایجنسی کے ہیڈ کوارٹر غلنئی جرگہ ہال میں یوم ولادت حضرت محمد ﷺ کی مناسبت سے پولیٹیکل انتظامیہ اور سپورٹس اینڈ کلچر ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام ایک پر وقار روحانی تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں مہمند ایجنسی کے جید علمائے کرام ، قبائلی مشران اور پولیٹیکل انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی۔ تقریب میں دینی مدارس کے طلباء کے درمیان نعتیہ کلام اور سیرت البنیؐ پر تقریری مقابلے ہوئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ بائیزئی پیر عبداللہ شاہ، مولانا عطاء الرحمن، مولانا عبدالحق، مولانا سمیع اللہ، مولانا امیر اللہ جنیدی، مولوی عبدالمنان سنگر، مولانا سردار خان، تحصیلدار معراج خان،سپورٹس منیجر سعید اختر ،ملک جہانزیب مہمند اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے نبی کریم ؐ کی حیات طیبہ، اخلاق اور کردار پر روشنی ڈالی۔ اور ان ؐ کی زندگی تمام انسانیت کیلئے مشعل راہ قرار دیا۔ اور کہا کہ پیغمبر اسلامؐ کے طور طریقوں (سنت نبویؐ) آج کے سائنسی اور میڈیکل تحقیقات کی رو سے بھی فائدہ مند ثابت ہو رہے ہیں۔ جن کے غیر مسلم رہنماء، ڈاکٹر اور سائنسدان بھی معترف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیرت النبیؐ پر عمل کر کے مسلمان دنیا اور آخرت میں سر خرو ثابت ہونگے۔ تقریب کے آخر میں اسلام، ملک و قوم کی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئی۔ تقریب کے آخر میں حکام نے علماء کرام اور دینی مدارس کے طلباء میں انعامات تقسیم کئے۔