پاکستان میں اس وقت 65 لاکھ نوجوان نشے کی لت میں مبتلا ہیں : صہیب الدین

Festival Speech

Festival Speech

لاہور : اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ صہیب الدین کاکا خیل نے کہا کہ پاکستان میں 65لاکھ نوجوان نشے کی لت میں مبتلا ہیں۔تعلیمی اداروں میں چرس اور افیون کی سر عام فروخت کی جا رہی ہے، منشیات کی فراوانی حکومت وقت کی ناکامی کی واضح دلیل ہے۔

ملک کے تمام بڑے تعلیمی اداروں میں انتظامیہ اور پولیس کی سرپرستی میں منشیات کا دھندہ عروج پر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سٹوڈنٹس ایجوکیشنل فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزیدکہا کہ تعلیمی اداروں میں مثبت سرگرمیوں کے فقدان ، والدین کی رویوں اور منشیات فروشوں کی پولیس سرپرستی طلبہ کو منشیات کا عادی بنا رہی ہے، شہر اقتدار کے نجی تعلیمی ادارے منشیات فروشوں کا آسان ہدف ہیں جبکہ گذشتہ دنوں قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے بھی سینٹ کمیٹی کے سامنے منشیات فروشوں پر اپنی بے بسی کا اظہار کیا۔

اسی طرح لاہور میں نشے کی زیادہ مقدار لینے پر طالب علم کی ہلاکت ہوئی ہے، ان تمام باتوں پر ایوان اقتدار کے باسیوں کی خاموشی سوالیہ نشان ہے۔ کاکا خیل نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے اس دھندے کی سرپرستی کرنے والے افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ قوم کے مستقبل کو تباہ کرنے والے کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں۔

محض قومی اسمبلی اور سینٹ کی کمیٹیوں میں رپورٹیں پیش کرنے سے معاملات میں سدھار نہیں آئے گا بلکہ اس کے لئے ٹھوس عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ اسلامی جمعیت طلبہ نے قوم کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے انہیں مثبت سرگرمیاں دی ہیں۔

ملک بھر میں ٹیلنٹ ایکسپو ز، ٹیلنٹ ایوارڈز اور سٹوڈنٹ فیسٹیولز کے ذریعے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیںملک اور قوم کی بقا، ترقی اور خوشحالی کے لئے صرف کرنے پر آمادہ کیا۔ اسلامی جمعیت طلبہ کی مہم ” عزم ہمارا پاکستان” اس وقت پوری قوم کی آواز بن چکی ہے

سید امجد حسین بخاری
سیکرٹری اطلاعات
اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان
0334-5019016