کراچی (اسٹاف رپورٹر) بچوں کے حقوق میں سرگرداں غیر سرکاری تنظیم اسپارک کے زیر اہتمام شہداء آرمی پبلک اسکول پشاور کی دوسری برسی کے موقع پر کراچی یونیورسٹی میں دعائیہ تقریب و فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا جس میں طلباء و طالبات ،اساتذہ اور شہر کی ممتاز سیاسی و سماجی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر کراچی یونیورسٹی ڈیپارٹمنٹ آف کریمنل لیوجی کے تحت شہداء آرمی پبلک اسکول پشاور کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسپارک کی پروجیکٹ منیجر شمائلہ مزمل نے کہاکہ آرمی پبلک اسکول کا سانحہ ہمارے دلوں کا گہرا ذخم ہے جسے پر نہیں کیا جاسکتا انہوں نے کہاکہ ہم شہداء کی یاد کو زندہ رکھنے کے ساتھ ان کے مشن علم کا فروغ بھی سامنے رکھیں کیونکہ جب علم فروغ پائے گا تو جہالت کا خاتمہ ہوگا اور جب جہالت کا خاتمہ ہوگا تو آرمی پبلک اسکول پشاور جیسے سانحات سے ہم محفوظ ہونگے اور اپنے مستقبل کے معماروں کو محفوظ زندگی فراہم کرسکتے ہیں۔