اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس آج شام پھر ہو گا، اجلاس میں پی ٹی آئی وزیر اعظم کی اپنے بیانات کے حوالے سے وضاحت کا معاملہ ایک بار پھر اٹھائے گی جبکہ سینٹ کا اجلاس بھی دوپہر کو ہو گا۔
قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس آج شام پھر شروع ہوگا، امکان ہے کہ پاکستان تحریک انصاف پاناما لیکس کے معاملے پر وزیر اعظم سے وضاحت مانگے گی۔ پیر کو ہونے والے اجلاس میں حکومتی اور پی ٹی آئی ارکان میں پنامہ لیکس پر جھڑپیں جاری رہیں۔
دانیال عزیز نے پی ٹی آئی کی ہنگامہ آرائی کو چھپکلی کی ٹوٹی دم سے تشبیہ دی جبکہ شاہ محمود نے فراری وزیر اعظم کی پھبتی کسی۔
شیریں مزاری پر حکومتی ارکان ہی نہیں سپیکر نے بھی جملے کسے ۔ ایوان میں وزیر داخلہ چوہدری نثار نے پہلے تو سپیکر کو اپوزیشن ارکان کیلئے تعلیم بالغاں شروع کرنے کا مشورہ دیا پھر نیشنل ایکشن پلان پر بریفنگ کیلئے وقت مانگ لیا۔
دوسری طرف سینٹ کا اجلاس بھی دوپہر دو بجے شروع ہو گا۔