کراچی (جیوڈیسک) چوہدری نثار کے الزامات پر پیپلز پارٹی بپھر گئی، بلاول بھٹو کہتے ہیں کہ انفریئر منسٹر اپنے خیالات اپنے پاس رکھیں، میں وہ نہیں جو سر پر مصنوعی بال پہنتا ہے۔ ترجمان بلاول ہائوس کا کہنا ہے کہ چودھری نثار کو تو اپنے ہی دوستوں نے چوری نثار کا خطاب دیا ہوا ہے۔
اپنے ٹویٹ میں بلاول بھٹو نے چودھری نثار پر جوابی وار کرتے ہوئے ایک بار پھر گو نواز گو کا نعرہ لگا دیا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ سچ کہتے ہیں وہ وہ نہیں جو سر پر مصنوعی بال پہنتا ہے۔ انفریئر منسٹر اپنے تصوراتی خیالات اپنے پاس رکھیں اور پیپلز پارٹی کی چار ڈیمانڈز پر توجہ دیں ورنہ گو نواز گو کا نعرہ گونجے گا۔
بلاول ہائوس کے ترجمان نے بھی سخت ردعمل میں کہا کہ چودھری نثار نے پاکستان میں برہمن راج لاگو کر رکھا ہے، ایک ہی ملک میں دو قانون صرف برہمن راج میں ہی ہو سکتے ہیں۔ ترجمان بلاول ہاؤس نے کہا کہ چودھری نثار کو تو اپنے ہی دوستوں نے چوری نثار کا خطاب دیا ہوا ہے۔
چودھری نثار کو اپنے اور اپنے دادا کے اثاثہ جات میں فرق دکھانا چاہیے، بلاول بھٹو زرداری پر بولنے سے پہلے چودھری نثار اپنے خاندان اور باہر چھپائے ہوئے اربوں روپے واپس لائے۔ سینیٹر سعید غنی کا کہنا تھا کہ چودھری نثار مجرم ثابت ہو چکے، کوئٹہ کمیشن کی رپورٹ کے بعد انہیں فوری منصب چھوڑ دینا چاہیئے۔
چودھری نثار کی چیخوں سے لگتا ہے کہ بچے نے صحیح جگہ چوٹ کی ہے۔ سعید غنی کا کہنا تھا کہ اگر بے نظیر بھٹو کا نام پاناما کیس میں ہے تو حکومت انکوائری بل پاس کیوں نہیں کرواتی۔