اسلام آباد (جیوڈیسک) پنجاب میں بلدیاتی اداروں کے سربراہوں کے انتخابات کیلئے آج میدان سجے گا۔ پولنگ صبح 9 سےدوپہر 2 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔
مسلم لیگ ن، تحریکِ انصاف اور پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کے اور آزاد امیدوار میدان میں ہیں۔ پنجاب میں بلدیاتی اداروں کے سربراہوں کے انتخاب کے لیے تمام تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں۔ الیکشن کمیشن حکام کے مطابق بیلٹ پیپرز سمیت دوسرا سامان ریٹرننگ افسروں کے حوالے کردیا گیا ہے۔
پولنگ کے دوران کسی بھی وزیر یا رکنِ اسمبلی کو پولنگ اسٹیشنوں میں جانے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ امیدواروں اور ووٹرز کے لئے پولنگ اسٹیشن میں فون لے جانے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
بلدیہ عظمیٰ لاہور سمیت پنجاب کی 5میونسپل کارپوریشنوں کے میئرز اور ڈپٹی میئرز بلا مقابلہ منتخب ہو چکے، باقی 6میونسپل کارپوریشنوں کے سربراہان کیلئے ووٹنگ ہوگی۔
پنجاب کی36 ضلع کونسلوں میں سے چنیوٹ اور نارووال کی ضلع کونسلوں کے چیئرمین اور وائس چیئرمین بھی بلا مقابلہ منتخب ہو چکےہیں۔
باقی 33ضلع کونسلوں اور 179 میونسپل کمیٹیوں کے چیئرمینوں اور وائس چیرمینوں کا انتخاب عمل میں آئے گا۔ ضلع کونسل راولپنڈی، میونسپل کارپوریشن مری اور3 میونسپل کمیٹیوں کے انتخابات مختلف وجوہ کی بنا پر روک لئے گئے ہیں۔