کراچی (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری آج دوپہر کراچی پہنچ رہے ہیں۔ ان کے استقبال کی تیاریاں زور و شور سے جاری، جبکہ کارکنوں میں بہت جوش و خروش ہے۔
آصف زرداری کی وطن واپسی کے موقع پر استقبال کے لیے کراچی کے مختلف مقامات پر کیمپ لگائے گئے ہیں، جہاں جیالے پارٹی ترانوں پر رات بھر محو رقص رہے۔
آصف زرداری وطن واپسی پر اولڈ ٹرمینل پر جلسے سے خطاب کریں گے۔ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے دبئی سے وطن واپس آتے ہی اولڈ ٹرمینل کا دورہ کیا اور جلسے کے انتظامات کا جائزہ لیا ہے۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے کئی دیگر سینئر رہنما بھی موجود تھے۔
آصف زرداری کے خطاب کے لیے بم پروف ٹرک اولڈ ٹرمینل پہنچادیا گیا ہے۔ بم پروف ٹرک کو اسٹیج کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔ 2007 میں وطن واپسی پر بینظیربھٹو نے بھی اسی ٹرک پر سفر کیا تھا۔ خطاب کے بعد آصف زرداری ہیلی کاپٹر کے ذریعے بلاول ہاؤس روانہ ہونگے۔