فیصل آباد : صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ نو منتخب سٹی میئر محمد رزاق ملک اور چیئر مین ضلع کونسل چوہدری زاہد نذیر کے ساتھ مل کر شہر اور ضلع کی یکساں خدمت کریں گے۔ہمارے گروپ کا مشن فیصل آباد کی ترقی ہے ۔جن معزز چیئر مینوں نے ہمیں ووٹ نہیں بھی دیا وہ بھی ہمارے لئے قابل احترام ہیں شہر کی 157سٹی کونسلز میں بلا تفریق ترقیاتی کام کروائیں گے ۔جو لوگ میرے خلاف پچھلے ڈیڑھ سال سے الزام تراشی اور غلط پراپیگنڈا کر رہے تھے۔
معزز چیئرمینوں نے آج انہیں جواب دے دیا ہے ۔ڈیڑھ سال تک پارٹی ٹکٹ اپنی جیب میں ہونے کا دعویٰ کرنے والے آج چیئر مینوں سے منہ چھپاتے پھر رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے رکن پنجاب اسمبلی ملک محمد نواز کی رہائش گاہ غلام محمد آباد میں نو منتخب سٹی میئر محمد رزاق ملک ،نومنتخب ڈپٹی میئرز شیخ محمد یوسف ،چوہدری عبدالغفور،محمد امین بٹ کے اعزاز میں منعقدہ جشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ارکان اسمبلی حاجی محمد اکرم انصاری ، چیئر مین ایف ڈی اے شیخ اعجاز احمد، حاجی خالد سعید،حاجی الیاس انصاری ،رائے عثمان کھرل، فقیر حسین ڈوگر،سٹی انفار میشن سیکر ٹری میاں محمد اجمل،لیڈی کونسلرز،چیئر مینز ،وائس چیئر مینز اور کارکنان مسلم لیگ ن کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی ۔آتش بازی کا مظاہرہ ،ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے اور مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔
صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ چیئر مین ہماری ٹیم کا ہراول دستہ ہیں ان کی مشاورت سے ترقی کا عمل آگے بڑھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ چند روز قبل ایک گھر میں 6ایم این ایز نے مل کر ہمارے گروپ کے پینل کو ہروانے کی سازش کی مگر آج انہیں منہ کی کھانی پڑی ۔پارٹی کے انتخابی نشان شیر کی وجہ سے ایم این بننے والے یاد رکھیں کہ پارٹی ٹکٹ کے بغیروہ یونین کونسل کا الیکشن بھی نہیں جیت سکتے۔
نو منتخب سٹی میئر محمد رزاق ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت،حضور نبی کریم ۖ ،بزرگوں کی دعائوں اور معزز چیئر مینوں کی بدولت انہیں کامیابی نصیب ہوئی ۔اس پر میں اپنے رب العزت کا جتنا بھی شکر ادا کروں وہ کم ہے ۔ہمارے قائد صوبائی وزیر قانون رانا ثنا ء اللہ خاں نے فیصل آباد کی سیاست کے سامری جا دو گر کا طلسم توڑ دیا ہے۔
رانا ثنا ء اللہ خاں ہمارے سپر میئر ہیں ان کے تعاون سے شہر کی تعمیر و ترقی کے نئے ریکارڈ قائم کریں گے ۔ملک محمد نواز نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری کامیابی کا سہرا رانا ثاء اللہ خاں کے سر ہے جنہوں نے دن رات ایک کر کے ملک رزاق کو میئر بنایا ۔انہوں نے کہا کہ خود کو بابائے بلدیات کہنے والے آج کہاں ہیں ۔ان کی سیاست کو ہمیشہ کے لئے دفن کر دیا ہے۔
فیصل آباد ہماری دھرتی ہے اس شہر کی ایسی خدمت کریں گے کہ لوگ انہیں تاریخ میں یاد رکھیں گے۔