واشنگٹن (جیوڈیسک) سمندری طوفان ’ناک ٹین‘ میں اب تک کم از کم چار افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جس دوران، سرکاری اطلاعات کے مطابق، فلپائن کے کچھ حصوں میں کرسمس کی تقاریب متاثر ہوئیں، اور اِس کے نتیجے میں پیر کو منیلا میں تیز آندھی چلی اور بارشیں ہوئیں۔
اس دوران، منیلا کے جنوب مشرق میں واقع صوبہٴ البے میں سیلاب کے باعث ایک جوڑا ڈوب گیا۔
سمندری طوفان اتوار کے روز رات گئے دور افتادہ جزیرہٴ کتان ڈونز کے ساحل سے ٹکرایا، جس مرحلے پر آندھی کی رفتار 255 کلومیٹر فی گھنٹہ تک تھی۔
مقامی طور پر طوفان کا نام ’نینا‘ لیا جا رہا ہے، جو مغرب میں پہاڑی اور جزیرہ نما صوبوں سے ٹکرایا، جس کے نتیجے میں گھر تباہ ہوئے، درخت اکھڑ گئے جب کہ مواصلاتی نظام درہم برہم ہوا۔ شدت میں کمی آنے کے بعد، سمندری طوفان کا رُخ جنوبی بحیرہٴ چین کی جانب پلٹا۔
دو لاکھ کے قریب افراد کو انخلا کے احکامات دیے گئے تھے۔ لیکن، اہل کاروں کا کہنا ہے کہ کرسمس کی تعطیل کی بنا پر اُنھیں گھروں سے نکالنا مشکل مرحلہ تھا، جو اِس کثیر آبادی والے رومن کیتھولک ملک میں ایک اہم مذہبی تہوار ہے۔