ترکی (جیوڈیسک) ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان کی اہلیہ امینہ ایردوان نے عالمی رہنماوں کی بیگمات کو مراسلہ بھیج کر شام میں انسانی المیے کی طرف توجہ مبذول کروائی ہے۔
اپنے مراسلے میں امنیہ ایردوان نے ان الفاظ کے ساتھ عالمی رائے عامہ سے متحرک ہونے کا مطالبہ کیا ہے کہ اس وقت ہم ایک ایسے دور میں ہیں کہ جہاں شام کے لئے آنسو بہانے سے بڑھ کر کچھ کرنا ضروری ہے۔
امینہ ایردوان نے مراسلے میں کہا ہے کہ شام میں 5 سال کے عرصے میں 6 لاکھ سے زائد انسانوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے، 7 ملین انسان بے گھر ہو گئے ہیں جبکہ 5 ملین انسان ملک کو ترک کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ جھڑپوں میں کیمیائی اسلحے کا استعمال کیا جا رہا ہے، عورتوں اور بچوں کو بے دریغ قتل کیا جا رہا ہے اور اب اس تکلیف کو برداشت کرنا ہمارے بس کی بات نہیں رہی۔
مراسلے میں ترکی کے 3 ملین شامی مہاجرین کی میزبانی کرنے کا ذکر کرتے ہوئے امینہ ایردوان نے عالمی برادری کی خاموشی اور لاپرواہی کی طرف اشارہ کیا ہے۔
شام کے لئے آنسو بہانے سے بڑھ کر کچھ کرنے کی ضرورت ہے کے الفاظ کے ساتھ انہوں نے دنیا بھر کی عورتوں کو متحرک ہونے کی دعوت دی ہے۔
عالمی رہنماوں کی بیگمات کو مخاطب کرتے ہوئے صدر رجب طیب ایردوان کی اہلیہ امینہ ایردوان نے کہا ہے کہ مجھے دل کی گہرائیوں سے یقین ہے کہ اس موضوع پر عالمی برادری کو حرکت میں لانے کے لئے آپ اپنا کردار ادا کریں گی۔