نظام آباد: مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی حیدرآباد کے چھٹے جلسے تقسیم اسناد میں شعبہ کامرس میں گزشتہ چار سال سر فہرست رہنے والے نظام آباد اور ظہیر آباد کے طالب علموں کو گولڈ میڈل دیا گیا۔ ایم کام ٹاپرس میں محمد مظفر علی 2013’محمد فیروز علی 2014 ‘میر نثار علی ہاشمی 2015 اور محمد اسلم 2016ء کو آج جلسہ تقسیم اسناد میں گولڈ میڈل اور توصیف نامہ دیا گیا۔ یہ چاروں طالب علم سابق میں ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی صدر شعبہ اردو گری راج کالج کے طالب علم رہے اور ان کی رہنمائی پر اردو یونیورسٹی میں داخلے کے بعد ایم کام اردو میڈیم ٹاپر ہونے کی بناء گولڈ میڈل کے حق دار قرار پائے۔ محمد مظفر ‘محمد فیروز اور محمد اسلم کا تعلق ظہیر آباد سے ہے جب کہ میر نثار علی ہاشمی کا تعلق نظام آباد سے ہے جہاں گری راج کالج میں انہوں نے بی کام کیا تھا۔ ان طلبا کو نظام آباد میں جناب محمد عابد علی لیکچرر کامرس محمد حسیب الرحمن اور محترمہ ناظمہ بیگم لیکچرر کامرس نے تعلیم دی تھی۔
ظہیر آباد میں محترمہ صبیحہ شریف اور جناب عبدالحی نے ان طلبا کو کامرس کی تعلیم دی تھی اور ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی نے انہیں اردو میڈیم سے اعلی تعلیم کے حصول اور یونیورسٹی تعلیم کی رہبری کی تھی۔ جلسہ تقسیم اسناد میں وائس چانسلر جناب محمد اسلم پرویز کی نگرانی میں چانسلر یونیورسٹی جناب ظفر سریش والا نے انہیں گولڈ میڈل عطا کیا۔ اس تقریب میں نامور فلم اسٹا شاہ رخ خان اور ریختہ ڈاٹ کام کے سنجیو صراف کو ان کی خدمات کا عوض اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری دی گئی۔
ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی اور دیگر اساتذہ کرام نے مسلسل چار سال اپنے شاگردوں کے ایم کام اردو میڈیم ٹاپر گولڈ میڈل حاصل کرنے پر اپنے ہونہار طالب علموں کو ان کے اساتدہ کرام اور والدین کو مبارک باد دی اور دیگر طلباء سے کہا کہ ان طلبا کی کامیابی اردو میڈیم طلبا ء کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث ہوگی۔ اور یہ کامیابی اس بات کو اجاگر کرتی ہے کہ اردو میڈیم طلبا بھی کسی سے پیچھے نہیں۔ انہوں نے کامیاب طلبا کو مشورہ دیا کہ وہ پی ایچ ڈی تک تعلیم حاصل کریں اور اپنی خدمات سے ملک اور قوم کا نام روشن کریں۔