کراچی (جیوڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے بلاول بھٹو کے ہمراہ منتخب ہو کر موجودہ قومی اسمبلی میں جانے کا اعلان کر دیا ہے۔
گڑھی خدا بخش میں بینظیر بھٹو کی 9 برسی پر منعقدہ جلسے سے خطاب میں سابق صدر نے کہا کہ میں نواب شاہ سے جبکہ بلاول بھٹو لاڑکانہ سے ضمنی الیکشن لڑیں گے ،ہم اسمبلی میں پہنچ کر مغل بادشاہوں کو نہیں چھوڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے تحت نیب کے سربراہ کی تعیناتی پر اعتراض نہیں، عدالتوں سے خوف نہیں ،جس کیس میں بابر اعوان کا لائسنس منسوخ ہوا تھا وہ کیس دوبارہ کھولا جائے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم نے نواز شریف کو امانت سونپی تھی، 18 ویں ترمیم کے بعد انہوں نے سب کچھ بھلا دیا ،ہم پرانے چیف جسٹس جیسا چیف جسٹس نہیں لگانے دیں گے۔
سابق صدر کا کہنا تھاکہ چیئرمین بلاول نے آپ سے جمہوری مطالبات کیے ہیں، بلاول نے یہ نہیں کہا کہ سڑکوں پر آئیں گے یا جمہوریت پر حملہ کریں گے، ہم پارلیمنٹ اور عدالتوں میں جائیں گے اور اپنا آئینی حق استعمال کریں گے۔