کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی ضلع ملیر کراچی کے سنیئر رہنماء اور یوسی 10 کے وائس چیئر مین لیاقت بلوچ، کونسلرز سمیر بلوچ، وسیم چھوٹو اور شفیع بلوچ نے اپنی مشترکہ بیان مین کہا ہے کہ ضلع ملیر کی 3 یونین کمیٹیز میں 19 افراد پر اسرار بیماری کا شکار ہو کر دنیا فانی سے کوچ کرگئے۔
یوسی غریب آباد میں 3،یوسی جعفر طیار میں 11اور یوسی غازی دائود بروہی گوٹھ میں 5افراد پر اسرار بیمار ی کا شکار ہوئے لیکن افسوس کے اب تک بلدیہ عظمیٰ کراچی جو کہ شہر میں جراثیم کش ادویات کے اسپرے کی ذمہ دار ہے ان یوسیز میں جراثیم کش ادویات کا اسپرے انجام نہیں دیا گیا اور نہ ہی اس بیماری سے روک تھام کے لئے کوئی موثر اقدامات کئے گئے رہنمائوں نے کہاکہ اگر فوری اقدامات نہ کئے گئے تو مزید افراد اس مرض کا شکار ہوکر لقمہ اجل بن جائیں گے انہوں نے بلدیہ ملیر کے چیئر مین سے پر زور اپیل کی کہ ضلع ملیر کے دیہی علاقوں میں پھیلنے والی پر اسرار بیماری کے خاتمے کے لئے فوری طور پر ملیر کی تمام یوسیز میں جراثیم کش ادویات کا اسپرے انجام دیا جائے۔