حاجی پو (پ ر) ضلع کلکٹریٹ اردو زبان سیل، حاجی پور کی طرف سے گزشتہ شام اقلیتی ہاسٹل، جڑھوا میں مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا۔
مشاعرہ کی صدارت عبد الرحیم انصاری ایڈوکیٹ(ریٹائرڈ جج) نے کی جبکہ نظامت کے فرائض انوار الحسن وسطوی نے انجام دئیے۔ مشاعرہ میں بدر محمدی، نظر الاسلام نظمی، ناظم قادری، کامران غنی صبا، بشر رحیمی اور مظہر وسطوی نے اپنے کلام پیش کیے اور داد و تحسین حاصل کی۔ اس موقع پر امتیاز احمد کریمی(ڈائرکٹر اردو ڈائرکٹوریٹ، پٹنہ)،حیدر علی(چیئر مین حاجی پور نگر پریشد)، شمیم احمد حاجی پوری، محمد ظفر عالم، حامد علی خاں، پروفیسر واعظ الحق، پروفیسر حسن رضا، مولانا قمر عالم ندوی،ڈاکٹر مشتاق احمد مشتاق، ایم اے اظہار الحق، قمر اعظم سمیت کثیر تعداد میں دانشوران علم و ادب اور باذوق سامعین موجود تھے۔
مشاعرہ میں پیش کیے گئے کلام کا منتخب حصہ پیش خدمت ہے: بدر محمدی نہ تھا علاج تو اچھی تھی خیریت اپنی مریض ہم کو بنا کر دوا نے رکھا ہے نظر الاسلام نظمی تمہارے شہر میں رسوا ہوئے تھے غزل میں نام ہونا تھا ہمارا ناظم قادری لوگ دنیا میں چند ہوتے ہیں جو حقیقت پسند ہوتے ہیں مظہر وسطوی بہت خوش گماں تھے ہم اہلِ وطن سے شکستہ مگر ہر بھرم دیکھتے ہیں کامران غنی صبا سر مرا تن سے جدا ہو کے ہی جھک سکتا ہے یہ مرا عزم ہے، ایماں ہے، انا ہے، کیا ہے؟ بشر رحیمی ان کا اندازِ ستم کتنا جدا گانہ ہے زخم بھی دیتے ہیں، مرہم بھی لگا دیتے ہیں