نومنتخب چیئرمین و وائس چیئرمین ضلع کونسل قصور کی حلف برداری تقریب

Oath Function

Oath Function

قصور (عطاء محمد قصوری) نومنتخب چیئر مین و وائس چیئر مین زضلع کونسل قصور کی حلف برداری تقریب گزشتہ روز ڈی پی ایس سکول کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی۔

جس میں سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں ‘صوبائی وزیر صنعت و تجارت شیخ علائو الدین ‘وزیر اعلی پنجاب کے معاون خصوصی ملک محمد احمد خاں ‘رانا نثار خاں ‘ایم این ایز رانا حیات خاں ‘ملک رشید احمد خاں ‘ایم پی ایز ملک احمد سعید خاں ‘حاجی نعیم صفدر انصاری ‘یعقوب ندیم سیٹھی ‘چوہدری محمود انور ‘ڈی سی او قصور عمارہ خاں’ڈی پی او سید علی ناصر رضوی ‘ممبران ضلع کونسل ‘ضلعی افسران ‘صحافیوں اور عوام الناس کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر ریٹرننگ آفیسر ضلع کونسل عبدالسلام عارف نے نو منتخب چیئر مین ضلع کونسل رانا سکندر حیات خاں اور وائس چیئر مینز ضلع کونسل ملک اعجاز احمد خاں اور سردار عزیر احمدسے حلف لیا۔

اس موقع پر نومنتخب چیئر مین ضلع کونسل رانا سکندر حیات خاں نے ممبران ضلع کونسل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ قصور کو ایک مثالی ضلع بنانے کیلئے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائینگے اور اس مقصد کیلئے تمام ممبران پارلیمنٹ و ضلع کونسل اور ضلعی افسران کی مشاورت سے ایک جامع حکمت عملی اپنائی جائیگی ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ضلع بھر میں بلا تفریق ترقیاتی کام کروائینگے اور شفافیت اور میرٹ کی پالیسی پر گامزن رہتے ہوئے تمام منصوبوں کو مکمل کیا جائیگا۔

انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی کاموں میں کسی قسم کی کرپشن برداشت نہیں کی جائیگی ۔ نومنتخب چیئر مین رانا سکندر حیات نے کہا کہ بے روز گاری کے خاتمے کیلئے مختلف منصوبوں کا آغاز کیا جائیگا تا کہ ضلع قصور کے نوجوان روز گار حاصل کر کے ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں ۔ انہوں نے نئے انڈسٹریل زون بنانے ‘ذرائع آمدورفت کو مزید موثر بنانے کیلئے نئی سٹرکیں بنانے ‘صاف پانی کی فراہمی ‘صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے ‘ہسپتالوں میں صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی ‘تعلیمی اداروں کے معیار میں بہتری کیلئے جامع حکمت عملی اپنانے کا اعلان کیا۔

انہوں نے اس موقع پر واضح کیا کہ وہ اپوزیشن ممبران کو بھی ساتھ لیکر چلیں گے اور ملکر قصور کو ایک مثالی ضلع بنانے کیلئے اقدامات کرینگے ۔ انہوں نے وزیر اعظم پاکستان محمد نوازشریف اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ انکے نقشے قدم پر چلتے ہوئے دیانتداری ‘غیر جانبداری اور شفافیت کے سنہری اصولوں کو اپنائیں گے ۔انہوں نے نوجوانوں کیلئے کھیلوں کے میدان اور انکے روز گار کیلئے نئی راہیں تلاش کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائیگا اور انہیں بھرپور موقع فراہم کیا جائیگا کہ وہ مردوں کے شانہ بشانہ ملک وقوم کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں ۔ اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں نے نومنتخب چیئر مین و وائس چیئر میز کو مبارکباد پیش کی اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت پنجاب بلدیاتی نظام کو مضبوط اور مستحکم دیکھنا چاہتی ہے اور اس مقصد کیلئے ان اداروں کو مالی وسائل کی فراہمی سمیت دیگر اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔