تحریر : چوہدری ذوالقرنین ہندل ویسے تو گزرا ہوا ایک پل بھی لوٹ کر نہیں آتا۔گزشتہ سال ہمیشہ کے لئے دفن ہو گیا۔سال دو ہزار سولہ تاریخ کا حصہ بن گیا۔ بس روز قیامت اس سال کا حساب ہوگا۔نئے سال کا آغاز ہو چکا ہے۔گزشتہ رات گیارہ بج کر انسٹھ منٹ اور پچاس سیکنڈز پر پاکستان کے بچوں نوجوانوں اور بڑوں نے بڑی خوشی اور جوش کے ساتھ اگلے سال کا کائونٹ ڈائون شروع کر دیا تھا۔ صبح بارہ بجے پورے پاکستان میں ہیپی نیو ائیر کی صدائیں گونجنے لگیں۔آتش بازی کی آوازوں اور روشنیوں نے سماں باندھ دیا۔مختلف رنگوں اور مختلف طریقوں سے نئے سال کو خوش آمدید کہا گیا۔
میں نے گزشتہ کے برعکس تنہائی میں نئے سال کو ویلکم کہا۔ دل ہی میں گزشتہ سال کی کوتاہیوں پر اللہ سے معافی مانگی اور گزشتہ خوشیوں کو دہرا کر خوش بھی ہوا۔خدا سے راہ راست بھی مانگا۔خیر نئے سال کی آمد پر لوگ بہت پرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔بعض نے آتشبازی اور فائرنگ سے نئے سال کو خوش آمدید کہا بعض نے نوافل اور دعائوں سے آغاز کیا۔سب نے اپنی سوچ اپنی تسکین اور خواہش کے مطابق نئے سال کا آغاز کیا۔اسلام میں تو اسلامی کلینڈر کے مطابق نئے سال کا آغاز ہوتا ہے۔مگر ہمارے ہاں عیدیں شب بارات وغیرہ ہی اسلامی کلینڈر کے مطابق منائی جاتی ہیں باقی سب انگریزی کلینڈر کے مطابق چلتا ہے۔حدیث کی کتابوں میں ہے۔
جب نیا سال شروع ہوتا تو صحابہ اکرام ایک دوسرے کو یہ دعا سکھاتے۔(اے اللہ اس کو ہم پر امن و ایمان سلامتی اور اسلام کے ساتھ رحمن کی خوشنودی اور شیطان سے حفاظت کے ساتھ لائیے)۔ہمیں بھی صحابہ اکرام کی طرح اللہ رب العزت سے سلامتی کی دعائیں مانگنی چاہئیے۔نئے سال کی خوشیاں ضرور منانی چاہئیں مگر اس کے ساتھ ساتھ گزشتہ سال کی کوتاہیوں اور غلطیوں کو یاد کر کے ان پر قابو پانے کی کوشش بھی کرنی چاہئیے۔اللہ سے گزشتہ گناہوںپر صدق دل سے معافی مانگنی چاہیے۔نئے سال راہ راست پر چلنے کی دعا مانگنی چاہیے۔2016 اچھی اور بری یادوں کو سمیٹے تاریخ کا حصہ بن گیا۔
مجموعی طور پر بہت سی چیزیں پہلے جیسی رہیں جیسے کرپشن نا انصافی دہرا معیار زندگی مغربی تقلید قرض پہلے سے بڑھ گئے اور خومختاری کی دھجیاں اور بہت کچھ۔کچھ چیزوں میں بدلائو بھی آیا۔ملکی حالات میں قدرے بہتری آئی امن و امان بحال ہوا دہشتگردی کم ہوئی۔کچھ دلسوز واقعات نے لرزہ کر رکھ دیا۔کوئٹہ حملہ بلوچستان بار کی قتل و غارت باچا خاں یونیورسٹی حملہ گلشن اقبل لاہور دھماکہ امجد صابری کا قتل سال کے آخر میں پی آئی اے کا حادثہ 47 جانوں کا خاتمہ اور معروف نعت خواں جنید جمشید کا حادثے میں شہید ہونا اور مزید بہت کچھ۔سیاسی ماحول بھی گرم رہا۔ایم کیو ایم کی تقسیم الطاف اجارہ داری کا خاتمہ پانامہ لیکس ڈان لیکس دھرنے آصف زرداری کی وطن واپسی۔گزشتہ سال کی سب سے اچھی خبر سی پیک کے حوالے سے پاک چائنا اقتصادی راہداری یقین سے خطے کے لئے معاشی ترقی میں ایک سنگ میل ثابت ہو گی۔
Asif Ali Zardari, General Raheel
اس حوالے سے پڑوسی ملک کی شر انگیزیاں بھارتی ایجنٹ کلبھوشن یادیو کا پکڑا جانا۔ضرب عضب کی کامیابیاں جنرل راحیل کی ریٹائرمنٹ اور فوج کی کمان جنرل قمر باجوہ کے ہاتھ میں۔برطانوی جریدے کے مطابق پاکستان میں امن کی بحالی اور بہت کچھ جو میں نہ لکھ سکا۔درست بات ہے کہ نہ دن بدلتے ہیں نہ راتیں نہ ہی مہینے۔نہ ہی آسمان بدلتا ہے نہ ہی زمین۔صرف ہندسے بدلتے ہیں۔مگر یہ بھی درست ہے کہ ہندسوں کے بدلنے سے احساسات بھی بدل جاتے ہیں۔سوچ بدل جاتی ہے۔گزشتہ کی محرومیاں موجودہ کی خواہشات بن جاتی ہیں۔جن پر عملدرآمد نئے سرے سے ہوتا ہے۔کمیوں کوتاہیوں اور غلطیوں کو ختم کرنے اور ان پر قابو پانے کا عزم پیدا ہوتا ہے۔تھکا ہارا تکلیفوں کا مارا وقت کا روندا ہوا گمنام انسان ایک بار پھر دوبارہ سے اپنی قسمت کو بہتر بنانے اور تقدیر کو بدلنے کے لئے نیا راستہ چنتا ہے نیا ولولہ لاتا ہے اور نئے عزم کے ساتھ وہ اپنے نئے و پرانے خواب پورے کرنے کی تگ و دو میں مصروف ہو جاتا ہے۔
ماضی سے شکست خوردہ انسان پہلے سے زیادہ عزم اور ولولے کے ساتھ اپنی جستجو اور کوشش میں مگن ہوتا ہے ۔نئی بنیادوں کی مضبوطی میں مگن ہوجاتا ہے نئی بنیادیں وہی لوگ بھر سکتے ہیں جو اس راز سے واقف ہوں کہ پرانی بنیادیں کیوں بیٹھ گئیں۔یہ انسان کی اپنی چاہت ہے کہ وہ ہندسے بدلتا ہے وہ ماضی میں دفن ہوتا ہے یا پھر ماضی کی محرومیوں کو پورا کرتا ہے حال میں جیتا ہے۔انسان کو ماضی کی شکست سے آزاد ہونے ک لئے روڈ میپ بنانا چاہیے اپنا ٹارگٹ فٹ کرنا چاہیے اور پھر تجسس جیسی خصوصیات کے ساتھ لگن اور جستجو کو بھی تھام لینا چاہیے۔
دنیا کے خالق اور مالک کی تعریف و توحید بھی کامیابی ہے۔2016 پیچھے کھڑا ہے2017 آگے اب آپ پر منحصر ہے کہ 2017 کو بہتر بنائیں یا گزشتہ کی طرح مایوسی میں سال گزار دیں۔یاد رکھئیے نیا سال ہے نیا عزم نیا ولولہ نیا حوصلہ نیا صبر نئی جستجو نئی لگن نئی کوشش اور نئی خوشیوں بھری زندگی آ پکی منتظر ہے۔اللہ ہمارے نیک ارادے پورے کرے اور ہمیں حوصلہ و عزم عطا کرے۔دعا ہے کہ نیا سال دنیا اور پاکستان کے لئے بہترین ثابت ہو انصاف رواداری برابری مساوات معاشرے کا حصہ بن جائیں اور ظلم ناانصافی دہشتگردی بے ایمانی غداری کا خاتمہ ہو۔اللہ کرے اس سال سب کی نیک تمنائیں پوری ہوں لوگوں کے قرض ختم ہوں رزق میں کشادگی آئے دلوں میں اخلاق اور چہروں پر مسکراہٹ ہو خوبصورت پھول اور کلیاں پیدا ہوں معاشرہ امن و سلامتی کا گہوارہ بن جائے ہر طرف سبزہ ہو اور امن کی مہک دنیا میں پھیل جائے۔ہیپی نیو ائیر۔سال نو مبارک ہو۔
مانا دن وہی رات وہی بدلائو ہے صرف ہندسوں کا مگر یہ جستجو یہ عزم یہ تجسس کہاں سے آیا ہے مانا یہ گزشتہ سال بھی تھا بہت سی تلخ خامیوں کا مگر یہ سال بھی تو ساتھ اپنے مواقع ہزار لایا ہے