جھنگ (تحصیل رپورٹر) چیئرمین ضلع کونسل اور تحصیل میونسپل کمیٹیوں کے چیئر مین حضرات نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔ چیئرمین ضلع کونسل کی تقریب حلف برداری جناح کونسل ہال میں منعقد ہوئی جس میں بابر خان سیال نے بطور چیئر مین جبکہ خان محمد اقبال خان جبوآنہ سیال اور سید محمد عباس شاہ نے بطور وائس چیئرمین کے عہدوں کا حلف اٹھایا۔ ریٹرننگ آفیسر/ای ڈی او ایجوکیشن نسیم احمدزاہد نے ان سے حلف لیا۔تقریب کے دوران ڈی سی او غازی امان اللہ، ڈی پی او ہمایوں مسعود سندھو، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی شیخ محمداکرم،خالد محمود سرگانہ،نواب خرم سیال،سابق وفاقی وزیرشیخ وقاص اکرم ودیگرکے علاوہ ارکان ضلع کونسل ،پارٹی کارکن اور مختلف محکموں کے سرکاری افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر اپنے مختصر خطاب میں چیئر مین ضلع کونسل بابر خان سیال نے تمام ارکان پارلیمنٹ اور ضلع کونسل کے ارکان ودیگر حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ضلع کی تعمیرو ترقی کے لئے تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے اور بھرپورمشاورت کے ساتھ عوامی خدمت کے مشن اورترقیاتی سرگرمیوں کو آگے بڑھایا جائے گا۔ڈی سی او غازی امان اللہ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکمے منتخب بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔ دریں اثناء علامہ اقبال ہال میں منعقدہ تقریب کے دوران شیخ نواز اکرم نے بطور چیئر مین اورتصورحسین شاہ نے بطور وائس چیئرمین،میونسپل کمیٹی جھنگ کے عہدوں کا حلف اٹھایا۔ریٹرننگ آفیسر/ای ڈی او فنانس طارق لک نے ان سے حلف لیا۔اسی طرح میونسپل کمیٹی شورکوٹ، احمد پور سیال ، گڑھ مہاراجہ اور اٹھارہ ہزاری کے نو منتخب کمیٹی چیئر مین حضرات نے الگ الگ منعقدہ تقریبات کے دوران اپنے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
Jhang
جھنگ (تحصیل رپورٹر) عالمی وعلاقائی قوتیں شامی مسلمانوں کا خون بہارہی ہیں۔ امت کو خاموشی توڑنا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار ابوالقاسم ضلعی امیرجماعة الدعوة اور منشاء جھنگوی ضلعی رہنما جماعة الدعوة نے ایک پریس ریلیز میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ شام میں قتل وغارت گری رکوانے کیلئے مسلم دنیا کردار ادا کرے۔ امریکہ ویورپ کی شہہ پر شام میں نہتے مسلمانوں کا خون بہایا جارہا ہے۔ پاکستان سعودی عرب اور ترکی کو متحد ہو کر قتل وغارت گری کے خلاف مضبوط آواز بلند کرنی چاہئے۔ مسلمانوں کا قتل اور ظلم و بربریت رکوانا حکمرانوں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سعودی عرب اور ایران کا نہیں مسلمانوں کے خون، قتل اور بے گناہ انسانوں پر ظلم کا مسئلہ ہے۔ لاکھوں کی تعداد میں مسلمان اپنے گھر بار چھوڑ کر ہجرت پر مجبور ہوگئے ہیں، ان کے پاس کھانے کو کچھ نہیں اوروہ کھلے آسمان تلے بے کسی کی زندگی بسرکرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں کی تعداد میں مسلمان قتل ہورہے ہیں جس کو رکوانے کیلئے مسلم امہ کو متحد ہو کر مظلوم مسلمانوں کی مدد کرنی چاہئے۔