آبپارہ مارکیٹ الیکشن 2017 کے انعقاد کے لیے ہونے والے جنرل باڈی اجلاس کے خلاف عدالت کا حکم امتناعی

Islamabad

Islamabad

اسلام آباد : ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن آب پارہ مارکیٹ کے الیکشن 2017 کے انعقاد کے لیے جنرل باڈی اجلاس کے انعقاد کے خلاف سول جج اسلام آباد جناب احتشام عالم نے حکم امتناعی جاری کر دیا ہے۔ 7 جنوری کو ہونے والا اجلاس عدالتی حکم کے تحت اب نہ ہو سکے گا۔ تفصیلات کے مطابق درخواست گزار ‘آب پارہ بچاؤ گروپ’ کے کنوینر سید نوازش علی شاہ نے میاں ندیم عزیز ایڈووکیٹ کی وساطت سے درخواست دائر کرتے ہوئے یہ مؤقف اختیار کیا کہ آب پارہ مارکیٹ کی ووٹر لسٹوں میں جعلی ووٹوں کی بھرمار ہے اور ایسے لوگوں کے ووٹ بنائے گئے ہیں جو کہ ہر گز تاجر نہیں ہیں اور نہ ہی مارکیٹ سے ان کا کوئی تعلق ہے۔ آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے لیے انتہائی ضروری ہے کہ ووٹر لسٹوں سے جعلی ووٹوں کا خاتمہ کیا جائے۔

گروپ کے چیف آرگنائزر محمد عباس عرف ویرا جی نے آب پارہ مارکیٹ میں ایک ہنگامی اور پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسوسی ایشن کے سابقہ دونوں گروپوں نے ملی بھگت اور ساز باز کرکے بہت بڑی تعداد میں جعلی ووٹ بنا رکھے ہیں۔ الیکشن 2017ء کے لیے صاف شفاف ووٹرلسٹوں کی تیاری کے لیے سیکروٹنی کمیٹی قائم کی گئی جسے کام نہ کرنے دیا جا رہا ہے، اور ووٹوں کی چھان بین کا کام دانستہ التواء میں رکھا جا رہا ہے۔ جس سے صاف ظاہر ہے کہ سابقہ دونوں گروپ ان جعلی ووٹوں کو ختم کرنے پر ہرگز تیار نہیں ہیں۔ اس موقعہ پر سکروٹنی کمیٹی کے دونوں ممبران بھی موجود تھے۔

چیف آرگنائزر محمد عباس عرف ویرا جی نے بتایا کہ ہم الیکشن ہر صورت میں لڑیں گے تاکہ تاجران آب پارہ مارکیٹ کو تجاوزات مافیا سے نجات دلوائی جا سکے اور ایسے کرپٹ عناصر کو الیکشن میں مار بھگائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی ووٹر لسٹوں پر ہونے والا الیکشن ہرگز قبول نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات آب پارہ مارکیٹ کا دیرینہ مسئلہ ہے اور سابقہ دونوں گروپوں کے عہدیدار ان تجاوزات میں ملوث ہیں جنہوں نے مارکیٹ کو مچھلی منڈی بنا رکھا ہے۔ ہم الیکشن سے قبل اور الیکشن جیتنے کے بعد متعلقہ محکموں سے مل کر تجاوزات کو ہر صورت ختم کروائیں گے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ الیکشن جیتنے کے بعد ہم آب پارہ مارکیٹ کو پھر سے اسلام آباد کی بہترین اور خوبصورت ماڈل مارکیٹ بنا کر رہیں گے اور جب تک ہم اس مقصد میں کامیاب نہ ہوں ہمارا مشن جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ آب پارہ کے باشعور تاجر پچھلے بیس سال سے ہونے والی زیادیتوں اور نا انصافیوں کے خلاف اُٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور اس مرتبہ الیکشن کے نتائج یکسر مختلف ہوں گے۔ انہوں نے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیر کیڈ طارق فضل چوہدری، انصر عزیز میئر اسلام آباد و چیئرمین CDAسے اپیل کی کہ دارالحکومت کی اولین مارکیٹ آب پارہ سے تجاوزات کو فی الفور اور مستقل بنیادوں پر ختم کرکے اسے تاریخی اور ماڈل مارکیٹ بنایاجائے۔ یاد رہے کہ مؤقر عدالت نے ایسوسی ایشن اور سکروٹنی ممبران کو 19جنوری کو طلب کر لیا ہے۔