پشاور (جیوڈیسک) پاکستان کے صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے لئے فنڈز 46ارب ڈالر سے بڑھا کر 57 ارب ڈالر سے زائد کر دیئے گئے ہیں۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار پشاور میں قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے حوالے سے گورنر ہاؤس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ممنون حسین نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی تکمیل سے ملک کی قسمت بدل جائے گی۔
صدر نے کہاکہ وہ پورے اعتماد سے کہتے ہیں کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے روٹ میں ذرا سی بھی تبدیلی نہیں کی گئی۔ روٹ کے بارے میں شکوک وشبہات پھیلا نے والے لوگ قوم کی کوئی خدمت نہیں کر رہے بلکہ ان کا یہ طرز عمل وطن عزیز کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔
بعض لوگ اس راہداری کے روٹ کے بارے میں طرح طرح کی باتیں کررہے ہیں لیکن ان باتوں میں کوئی صداقت نہیں۔ یہ راہداری پورے پاکستان کی راہداری ہے جس سے پورا ملک یکساں طور پر مستفید ہو گا۔
صدر مملکت نے اس امر پر مسرت کا اظہار کیا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے بجٹ میں اضافہ کردیا گیا ہے اور دہشت گردی کے حوالے سے عالمی ریٹنگ میں پاکستان کی پوزیشن بہت بہتر ہوگئی ہے۔
صدر ممنون حسین نے کہا کہ تاریخ کا مطالعہ بتاتا ہے کہ جو قائدین ذاتی اغراض سے بالا تر ہو کر صرف اور صرف قومی مقاصد کے لیے خود کو وقف کر دیتے ہیں ، ہمیشہ کامیاب رہتے ہیں اورجو اپنی خواہشات کے غلام بن جاتے ہیں ہمیشہ ناکام رہتے ہیں۔ قائداعظم کے مزاج کی بنیادی خوبی بھی یہی تھی کہ وہ ذاتی خواہشات کو قومی مقاصدپر کبھی غالب نہیں آنے دیتے تھے۔
صدر ممنون حسین نے کہا کہ بابائے قوم کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا حق اس وقت تک ادا نہیں کیا جا سکتا جب تک تحریک پاکستان کے ان تمام کارکنوں کی یاد تازہ نہ کی جائے، ہم اپنے ان بزرگوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ وطنِ عزیز کی تر قی اور سربلندی کے لیے ان ہی کے جذبے سے کام لیا جائے گا۔
انہوں نے نوجوانوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان اور اس کے مستقبل کے بارے میں اندرونی اور بیرونی سطح پر کیے جانے والے پروپیگنڈے سے متاثر ہوئے بغیر ملک و قوم کی ترقی اور سربلندی کے لیے پوری محنت سے تعلیم کا حصول جاری رکھیں اور قائد اعظم کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے وطنِ عزیز کی تعمیر و ترقی کے لیے کام کریں۔