کراچی (جیوڈیسک) بلاول بھٹو زرداری کو پاکستان پیپلز پارٹی کا چیئرمین اور آصف علی زرداری کو پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کا صدر منتخب کر لیا گیا ہے۔
بلاول ہائوس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پیپلز پارٹی کے عہدیداروں کے لئے انتخابات گزشتہ روز بلاول ہائوس میں ہوئے۔
کنوینر فوزیہ حبیب کی سربراہی میں الیکشن باڈی نے انتخابات کی نگرانی کی جس میں بلاول بھٹو زرداری کو پیپلز پارٹی کا چیئرمین منتخب کرلیا گیا، جبکہ نیر بخاری سیکریٹری اور حیدر زمان قریشی فنانس سیکریٹری منتخب ہوئے، چوہدری منظور احمد سیکریٹری اطلاعات ہونگے۔
پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے عہدیداروں کے لئے انتخابات آج بلاول ہائوس میں ہوئے، الیکشن باڈی کی سربراہی فاروق ایچ نائیک نے کی ،انتخابات میں سابق صدر آصف علی زرداری کو پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کا صدر منتخب کر لیا گیا۔
فرحت اللہ بابرسیکریٹری جنرل اور سلیم مانڈوی والا کو فنانس سیکریٹری منتخب کیا گیا، جبکہ مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو کو سیکریٹری اطلاعات منتخب کیا گیا، تمام عہدیداروں کو چار سال کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔