اسلام آباد (جیوڈیسک) مسلم لیگ نون کے رہنماؤں کا کہنا ہے عمران خان بتائیں، جو ثبوت لہراتے تھے، وہ کہاں گئے ؟ تحریک انصاف صرف الزامات لگاتی ہے ، کچھ ثابت نہیں کرسکتی، وہ چاہتے ہیں وزیراعظم کو نااہل کر دیا جائے۔
مسلم لیگ نون کے رہنما برس پڑے، تحریک انصاف پر تیر برسائے، نعیم بخاری کو پیشگی فیس لینے کے مشورے ۔ مریم اورنگ زیب نے استفسار کیا، عمران خان جو ثبوت لہراتے تھے، وہ آج کہاں گئے۔ کنٹینر پر جھوٹ کی عدالت لگانے والے اللہ تعالیٰ سے ڈریں۔
خان صاحب کو مبارک ہو وزیر اعظم نے ایک اور فیتہ کاٹ دیا، ترقی کے یہ فیتے اب کٹتے رہیں گے۔ طلال چودھری نے شیخ رشید پر طنز کیا اور پی ٹی آئی وکیل کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے موکل سے پیشگی فیس لے لیں کہیں وہ مکر نہ جائے۔
انوشہ رحمان کے نزدیک عمران خان چاہتے ہیں صرف الزامات پر وزیر اعظم کو نااہل کر دیا جائے۔ مسلم لیگ نون کے رہنماؤں نے زور دے کر کہا کہ پاناما کیس میں عمران خان ابھی تک کوئی ثبوت نہیں دے سکے۔