اسلام آباد (جیوڈیسک) کڑاکے کی سردی آتے ہی گیس غائب ہو گئی۔ گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہوئے تو حکمرانوں کو عوام پر رحم آ گیا۔ پنجاب میں سی این جی سٹیشنز کو گیس کی فراہمی تین دن کے لئے بند کر دی گئی ہے۔
سوئی ناردرن حکام کا کہنا ہے کہ سی این جی سٹیشنز ہفتہ کی شام چھ بجے کھلیں گے۔ فیصلہ گھریلو صارفین کو گیس پریشر میں کمی کے باعث کیا گیا۔ عوام کہتے ہیں کہ سردی میں ہمارے بچے ٹھٹھر کر رہ گئے، حکمرانوں کے بلاتعطل گیس فراہمی کے دعوے کہاں گئے؟
دوسری جانب سی این جی سٹیشن مالکان اور دڑائیورز نے فیصلے کو اپنے ساتھ ناانصافی قرار دے دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاور پلانٹس اور فرٹیلائزر سیکٹر کو بھی گیس کی فراہمی بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ پاور پلانٹس کی گیس بند ہونے سے بجلی لوڈ شیڈنگ میں مزید اضافے کا امکان ہے۔