واشنگٹن (جیوڈیسک) اقوامِِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گیٹریس نے کہا ہے کہ اس ادارے کا کام جنگوں کو روکنا ہے۔
انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اپنے پہلے اجلاس سے طاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کا اولین فرض عالمی سطح پر جنگوں کو روکنا اور تحفظ فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنگوں سے بچنے کے لیے ایک بالکل ہی نئی حکمتِ عملی درکار ہے۔
گیٹریس نے بان کی مُون کی جگہ یکم جنوری کو اس وعدے کے ساتھ سیکرٹری جنرل کا عہدہ سنبھالا تھا کہ وہ اس عالمی ادارے کے ڈھانچے میں اصلاحات لائیں گے اور شام میں جاری خونریزی سے لے کر جنوبی سوڈان تک عالمی بحرانوں سے نمٹنے کے لیے کوششیں تیز تر کریں گے۔
سلامتی کونسل میں جنگوں سے بچاؤ کے موضوع پر خصوصی بحث کے موقع پر اُنہوں نے کہا کہ آج کل زیادہ وقت بحرانوں کو روکنے کی بجائے وسائل اور بحرانوں پر ردعمل ظاہر کرنے میں صرف کیا جا رہا ہے۔
گیٹریس نے کہا کہ موجودہ حالات میں انسانوں کو بھاری قیمت ادا کرنا پڑ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ رکن ممالک کے عدم تعاون کی فضا موجود ہونے کی وجہ سے بحرانوں پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ ور میں اقوام متحدہ کو مزید مضبوط بنانے اور اس کے اثرو رسوخ میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔