لاہور (جیوڈیسک) لالی ووڈ انڈسٹری کی معروف کہانی نویس، شاعرہ اور صحافی رخسانہ نور طویل علالت کے بعد انتقال کر گئیں ۔ رخسانہ نور طویل عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں۔
رخسانہ نور نے کیریئر کا آغاز بطور صحافی کیا اور مختلف قومی اخبارات میں خدمات انجام دیں ، بعد ازاں مصنف و ہدایت کار سید غلام محی الدین نور المعروف سید نور سے شادی کے بعد انہوں نے فلم سکرپٹ رائٹنگ میں بھی طبع آزمائی کی اور کئی کامیاب فلموں کے سکرپٹ اور نغمے تحریر کئے۔
رخسانہ نور کو ان کی بہترین خدمات پر کئی ایوارڈز بھی دیئے گئے ۔ رخسانہ نور نے اپنے کیریئر میں چوڑیاں ، مہندی والے ہتھ ، لڑکی پنجابن ، سنگم ، ناگ اور ناگن جیسی کامیاب فلموں کے سکرپٹ لکھے۔
انہیں 15 برس قبل کینسر کا عارضہ لاحق ہوا جس کا علاج کروانے کیلئے وہ امریکا میں اپنی بیٹی کے ساتھ مقیم تھیں ، رخسانہ نور نے کئی یونیورسٹیز میں تدریس کے فرائض بھی انجام دیئے ، انہوں نے 1984 میں سید نور سے شادی کی تھی جس سے ان کی تین بیٹیاں اور ایک بیٹا تھا۔
رخسانہ نور کی ناگہانی وفات پر لالی ووڈ انڈسٹری کے نامور حلقوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت اور بلند درجات کیلئے دعا کی ہے۔