نائیجیریا (جیوڈیسک) مائیدوگوری یونیورسٹی میں ہونے والے دو بم حملوں میں ابتدائی معلومات کے مطابق 5 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
سکیورٹی حکام میں سے ڈامیان چُک وُو کے بیان کے مطابق صوبہ بورنو میں واقع یونیورسٹی کی مسجد میں نمازِ فجر کی ادائیگی کے دوران پہلا دھماکہ ہوا جبکہ دوسرا دھماکہ یونیورسٹی کے داخلی حصے میں ہوا۔
چُک وُو کے مطابق دھماکوں میں ایک پروفیسر سمیت 5 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہو گئے ہیں۔
حکام کی طرف سے موضوع سے متعلق سرکاری سطح پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا تاہم حملوں میں دہشت گرد تنظیم بوکو حرام کے ملوث ہونے کا دعوی کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ سال 2000 سے بوکو حرام نائیجیریا میں دہشت گردی کی کاروائیوں کو جاری رکھے ہوئے ہے۔
پولیس کی حراست کے دوران دہشت گرد تنظیم کے سرغنہ محمد یوسف کی ہلاکت کے بعد سال 2009 سے دہشت گرد تنظیم نے اجتماعی سطح پر تشدد کی کاروائیوں کا آغاز کیا اور اس وقت تک 17 ہزار افراد کی ہلاکت کا سبب بن چکی ہے۔
گذشتہ سال سے دہشت گرد تنظیم بوکو حرام نے دہشت گردی کی کاروائیوں کو سرحدی ممالک کیمرون، بنین، چاڈ اور نائیجر تک میں پھیلا دیا ہے۔