کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیشنل بنک آف پاکستان کے زیراہتمام محترمہ بے نظیر بھٹو اسپورٹس کمپلیکس کراچی پورٹ ٹرسٹ پر شہر کے میگا فٹ بال ایونٹ کا آغاز ہوگیا۔
رنگا رنگ اور شایان شان افتتاحی تقریب میں نیشنل بنک کے سنیئر ایگزیگٹیو پریذیڈنٹ مدثر حسین خان نے فٹ بال کو کک لگا کر “پہلا آل پاکستان نیشنل بنک پریذیڈنٹ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ “کا افتتاح کردیا۔
اس موقع پر نیشنل بنک اسپورٹس ڈویژن کے سربراہ اویس اسد خان ،انور فاروقی ،قمر علی قریشی ،اسپورٹس کنسلٹنٹ حاجی غلام محمد خان ،زاہد شہاب ،عظمت اللہ خان ،پاکستان کے مایہ ناز فٹ بالر علی نواز بلوچ ،محمد جنید خان ،کراچی پورٹ ٹرسٹ کے اسپورٹس انچارج کرنل ریٹائرڈ بصیر عالم اور دیگر موجود تھے ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ میزبان نیشنل بنک اور کراچی پورٹ ٹرسٹ اور پاکستان اسٹیل مل اور کراچی یونائیٹڈ کے مابین کھیلا گیا۔
افتتاحی معرکہ پاکستان اسٹیل مل نے کراچی یونائیٹڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1-0سے شکست دیکر جیت لیا جبکہ دوسرا مقابلہ نیشنل بنک اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کے مابین برابری پر ختم ہوا ۔ٹورنامنٹ کے افتتاحی تقریب خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نیشنل بنک کے سنیئر ایگزیگٹیو پریذیڈنٹ مدثر حسین خان نے کہاکہ نیشنل بنک ملک میں معاشی استحکام کو یقینی بنا نے کے ساتھ صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لئے فعا کردار ادا کررہی ہے۔
نیشنل بنک پریذیڈنٹ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کا انعقاد ہر سال کرایا جائیگا کراچی سمیت ملک کے طول عرض میں کھیلوں کو فروغ اور کھلاڑیوں کی سرپرستی کے لئے نیشنل بنک جہاں کردار ادا کررہا ہے وہیں کھیلوں کی میدانوں کی تعمیر و ترقی اور اسے آباد کرنے کے لئے ایونٹ کا انعقاد بھی یقینی بنا رہا مدثر حسین خان نے کہاکہ شہر کراچی میں ہر شعبے میں ٹیلنٹ موجود ہے خصوصی کھیل کے ہر شعبے میں ہمارے ٹیلنٹ نے دنیا میں پاکستان کا نام سربلند کیا ہے۔
انہوں نے کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن سے درخواست کی کہ ہمیں زمین دی جائے نیشنل بنک وہاں عالمی معیار کا فٹ بال اور ہاکی اسٹیڈیم تعمیر کرکے دے گی جہاں ملکی و بین الاقوامی مقابلوں کا انعقاد ممکن ہوسکے گا قبل افتتاح کے موقع پر گورنر سندھ جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی اور معروف اسپورٹس جرنلسٹ راشد علی صدیقی کے دعائے مغفرت کی گئی۔