کراچی : بلدیہ کورنگی نے ضلعی حدود میں درختوں اور پودوں کی آبیاری مہم کا آغاز کر دیا، درختوں اور پودوں کو نقصان پہنچا کر قدروتی ماحول کو آلودہ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لانے کا اعلان کردیا ۔چیئر مین بلدیہ کورنگی سیدنیئر رضا نے ملیر ماڈل کالونی زون میں سنٹرل آئی لینڈ پر پودا لگا کر 100 روزہ تعمیر کراچی پروگرام کے تحت بلدیہ کورنگی کی جانب سے سرسبز ماحول کو فروغ دینے کے حوالے سے مہم کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ عوامی تعاون کے ذریعے ضلع کورنگی کو صاف ستھرا اور سرسبز بنا یا جائیگا۔
چیئرمین سید نیئر رضانے کہاکہ سرسبز ماحول کا قیام انسانی زندگی کے لئے بے حد ضروری ہے نہ صرف قدرتی ماحول کو آلودہ ہونے سے بچا تا ہے بلکہ صحت مند معاشرے کے قیام میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے انہوں نے بلدیہ کورنگی محکمہ باغات کو ہدایت کی کہ ملیر ماڈل کالونی ،شاہ فیصل ،کورنگی اور لانڈھی زونز میں سرسبز ماحول کو فروغ دینے کے لئے عوامی تعاون کے ذریعے اقدامات کئے جائیں سرسبز ماحول اور اس کی افادیت سے عوامی شعور کی بیداری کے لئے آگاہی مہم چلا ئی جائے علاقائی سطح پر عوام کے ذریعے درختوں اور پودوں کو لگا یا جائے اور اس کی آبیاری کو یقینی بنایا جائے۔
چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے کہاکہ ضلعی حدود میں درختوں اور پودوں کو کاٹنے اور اسے نقصان پہنچا نے کے عمل کی روک تھام کے لئے موثر نگرانی کا نظام قائم کیا جائے درختوں اور پودوں کو نقصان پہنچا نے والوں گرفت میںلیکر سخت قانونی کاروائی کی جائے انہوںنے کہاکہ انشا اللہ عوامی تعاون اور رہنمائی کے ذریعے ضلع کورنگی کو صاف ستھرا اور سربز ضلع بنا یا جائیگا چیئر مین سید نیئر رضا نے ضلع کورنگی کی عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ تعمیر و ترقی اور مسائل کے خاتمے کے ساتھ سرسبز ماحول کو فروغ دینے میں بلدیہ کورنگی سے تعاون کریں۔