کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیشنل بنک آف پاکستان کے زیر اہتمام محترمہ بے نظیر بھٹو اسپورٹس کمپلیکس کراچی پر جاری “پہلا آل پاکستان این بی پی پریذیڈنٹ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ “میں مزید 2اہم میچوں کے فیصلے ہوگئے۔
سابق قومی چمپئن پی آئی اے اور پاک نیوی کی مضبوط ٹیم شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے آئوٹ ہوگئی ،ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں سوئی نادرن گیس کی ٹیم نے قومی چمپئن پی آئی اے کی ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-1سے ہرا دیا پہلا گول سوئی نادرن گیس کے سدا بہار نے کیا جس کے کچھ دیر بعد ہی پی آئی اے کے شاکر لاشاری نے برابر کردیا۔
جبکہ فیصلہ کن گول انجری ٹائم میں سوئی نادرن گیس کے اویس نے کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی ،ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں چار بار پرئمیر لیگ جیتنے والی خان رسرچ لیبارٹری اسلام آباد کی ٹیم نے پاک نیوی کی مضبوط ٹیم کو 2-0سے زیر کرکے اگلے مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
کھیل کے دوران خان ریسرچ لیبارٹری نے کھیل کے پہلے ہاف کے 28ویں منٹ پر جبکہ دوسرے ہاف میں محمد عمران نے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ۔میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی کراچی پورٹ ٹرسٹ کے اسپورٹس انچارج کرنل (ر) بصیر عالم سے کھلاڑیوں کا تعارف کرایا گیا۔
اس موقع پر قمر علی قریشی ،انور فاروقی ،حاجی غلام محمد خان اور دیگر بھی موجود تھے۔ جاری کردہ :۔ میڈیا کوارڈینٹر