عمران خان کیخلاف تحریک کا آغاز بلوچستان سے ہو گا، ثنا اللہ زہری

Sardar Sanaullah Zehri

Sardar Sanaullah Zehri

بلوچستان (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان سردار ثنا اللہ زہری نے کہا ہے کہ عمران خان غیر سنجیدہ سیاست سے باز آئیں ورنہ ان کے خلاف اٹھنے والی تحریک کا آغاز بلوچستان سے ہو گا، انھوں نے کہا کہ صوبے میں نام نہاد علیحدگی پسندوں کی کمر توڑ دی گئی ہے، ناراض بلوچ پاکستان کے فریم ورک میں سیاست کریں۔

بلوچستان ہاؤس اسلام آباد میں وفاقی وزیر سیفران عبد القادر بلوچ،پختونخوا میپ اور نیشنل پارٹی کے رہنماؤں کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب کے دوران سردار ثنا اللہ زہری نے کہا کہ عمران خان نے ساڑھے تین سال سے ملک کو ہیجان میں مبتلا کر رکھا ہے، وہ اقتدار کے لئے اندھے ہو چکے ہیں ، مسلم لیگ ن کے بھی لاکھوں ورکرز ہیں اگر سازش کے تحت ن لیگ کی حکومت گرائی جاتی ہے تو وہ بھی خاموشی سے نہیں بیٹھیں گے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دہشت گردی میں کمی واقع ہوئی ہے، ملک دوبارہ متحمل نہیں ہو سکتا، نام نہاد علیحدگی پسندوں کی کمر توڑ دی ہے،پہلے چھ چھ ماہ تک دکانیں بند رہتی تھیں اب خضدار جیسے شہر میں بھی معمول کی زندگی ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ وزیرا عظم نے خود کو احتساب کے لئے پیش کیا، سپریم کورٹ کا جو بھی فیصلہ ہو گا اس کا خیرمقدم کریں گے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ ہ پلی بار گین قانون کے خلاف ہیں، کرپشن کرنے والے کو عمر قید ہونی چاہئے۔